وقت آ گیا ہے کہ ظالم اشرافیہ کے خلاف بھرپور عوامی جدوجہد کا آغاز کیاجائے،نصراللہ رندھاوا


اسلام آباد (صباح نیوز )امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ  وقت آ گیا ہے کہ ظالم اشرافیہ کے خلاف بھرپور عوامی جدوجہد کا آغاز کیاجائے، عوام الیکشن میں جماعت اسلامی کی قیادت پر اعتماد کرے اور ملک کی خدمت کا موقع دے جماعت اسلامی عوام کے محرومیوں کا ازالہ کر ے گی ،کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کریں، الیکشن اپنے جھنڈے اور انتخابی نشان ترازو پر لڑیں گے،

انھوں نے کہا تینوں بڑی پارٹیوں سے وابستہ افراد کے نام عالمی کرپشن کے سکینڈل میں آئے ہیں،  جماعت اسلامی کا دامن کرپشن سے پاک، ہمارے ایک فرد نے کبھی قرضہ معاف نہیں کرایا نہ ہمارے نام پاناما لیکس اور پنڈورا پیپرز میں آئے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی اسلام آباد کی سیا سی کمیٹی کے جا ئزہ اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔نصر اللہ رندھاوا نے کہا پاکستان کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفیۖ کے نفاذ میں ہے، ڈکٹیٹروں اور نام نہاد جمہوری ادوار میں عوام کی محرومیوں، مایوسیوں میں اضافہ ہواہے ، پی ٹی آئی مدینہ ریاست کا نعرہ لگا کر آئی اور قوم کے ساتھ سب سے بڑا فراڈ کیا۔

حکومت کی تمام پالیسیاں ریاست مدینہ کے نظریہ کے الٹ ہیں، انھوں نے کہا ملک میں آزمائی ہوئی پارٹیاں بُری طرح فلاپ ہو چکی ہیں قوم کا مستقبل جماعت اسلامی سے وابستہ ہے۔