اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معیاری اور سستی معاون ٹیکنالوجی اور مصنوعی اعضا کی پاکستان میں تیاری کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی بحالی اور انہیں معاشرے کا فعال رکن بنانے کیلئے پالیسی سطح سمیت عملی اقدامات لینا ہوں گے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار چل فائونڈیشن کے چیئرمین فیروز احمد کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کو معیشت اور معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا پاکستان کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ معاون ٹیکنالوجی اور مصنوعی اعضاکی بدولت خصوصی افراد کی مخصوص ضروریات کو پورا کیا جاسکتا ہے۔ وفد نے صدر مملکت کو منفرد صلاحیتوں کے حامل افراد کی فلاح و بہبود کیلئے چل فائونڈیشن کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
صدر کو بتایا گیا کہ چل فائونڈیشن خصوصی افراد کو مصنوعی اعضاسمیت معاون ٹیکنالوجی فراہم کررہی ہے، چل فائونڈیشن خصوصی افراد کو بحالی ، تھیراپی اور علاج کی سہولیات بھی فراہم کرتی ہے۔ وفد نے صدر مملکت کو فائونڈیشن کے مختلف منصوبوں ، خصوصی افراد کی ضروریات کے بارے میں بھی بتایا۔ اس موقع ہر صدر مملکت نے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود ، بحالی اور سہولت کیلئے چل فائونڈیشن کے کردار کو سراہا۔