اسلام آباد (صباح نیوز) پارلیمنٹ کے باہر مسلح شخص مفتی کفایت اللہ کا گارڈ نکلا، جسے اسلحہ لہرانے پر پولیس نے گرفتار کر کے تھانہ منتقل کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق منی بجٹ بل کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر احتجاجی مظاہر ے کے دوران ایک مسلح شخص کلاشنکوف لے کر مظاہرے میں گھس گیا، جسے دیکھ کر پولیس اہلکاروں میں شدید تشویش پھیل گئی اور مسلح شخص کی گرفتاری کے لئے پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔
پولیس نے بڑی تگ و دو کے بعد مسلح شخص کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سے گرفتار کرلیا، تاہم بعد میں پتہ چلا کہ مسلح شخص مفتی کفایت اللہ کا گارڈ تھا، جسے اسلحہ لہرانے پر پولیس نے گرفتار کر کے تھانہ منتقل کردیا۔
پولیس حکام نے کہا کہ گرفتار شخص کو اسلحہ کی نمائش پر گرفتار کیا گیا، پارلیمنٹ کے باہر لائسنس یافتہ اسلحہ کی نمائش بھی ممنوع ہے۔
دوسری جانب جے یو آئی کے رہنما مولوی کفایت اللہ کے اپنے گارڈ کی گرفتاری کے خلاف شاہراہ دستور پر دھرنا دے دیا ہے اور ان کے ساتھ ان کے درجنوں کارکنان بھی ساتھ ہیں، دھرنے کے سبب ٹریفک جام ہونے سے پارلیمنٹ ہاس کے سامنے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔
مفتی کفایت اللہ کا کہنا ہے کہ میرے گارڈ کو غیر قانونی طور پر حراست میں لیا گیا ہے، پولیس والے گارڈ کو رہا کریں اور معافی بھی مانگیں، جب تک ہماری بات نہیں مانی جاتی شاہراہ دستور پر دھرنا جاری رہے گا۔