شہبازشریف سے پانچ سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کی ملاقات

لاہور(صباح نیوز)سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف سے پانچ  سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی  نے  ملاقات کرتے ہوئے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا ان میں سابق ایم این اے سردار منصب ڈوگر ،فاروق رضا مانیکا اور جھنگ سے گدی نشین نظام الدین سیالوی، سابق ایم پی اے آصف عباس اور میاں ماجد نوازشامل ہیں۔

ملاقات میں مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ بھی موجود تھے۔ شہبازشریف نے پارٹی میں شمولیت پر سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کوخوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں، عوامی خدمت کا سفر مزید تیز ہوگا،پارٹی ایک گھر کی طرح ہے جس میں سب کا احترام کرتے ہیں ،ہم نے کبھی عوام کو مایوس نہیں کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ انتخابات میں عوام نے کامیاب کیا تو عوام کو مہنگائی سمیت دیگر مسائل سے نجات دلائیں گے،

پاکستان کی معاشی خودانحصاری اور ہماری  انتخابی کامیابی لازم وملزوم ہیں ،پارٹی  قائد نوازشریف کا ہر دور تعمیر، ترقی اور عوامی خوش حالی کا دور ہے ،پارٹی میں میں شمولیت کرنے والوں نے قائد نوازشریف پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ  نوازشریف کی قیادت میں عوام اور ملک کی ترقی میں بھرپور کردارادا کریں گے