صدر عارف علوی کا وفاقی محتسب کا نیشنل بینک آف پاکستان کو فراڈ سے متاثرہ شخص کو رقم واپس کرنے کا حکم برقرار


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر عارف علوی نے وفاقی محتسب کا نیشنل بینک آف پاکستان کو فراڈ سے متاثرہ شخص کو رقم واپس کرنے کا حکم برقراررکھتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ  نیشنل بینک فراڈ سے متاثرہ شہری کو 5 لاکھ روپے کی رقم لازما واپس کرے ،

صدر مملکت نے کہاکہ افسوس ہے کہ بینک اپنے ہی مینیجر کے ہاتھوں فراڈ کا نشانہ بننے والے صارفین کو انصاف نہیں دے رہا، تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے شہری ، محمد عبدالرشید ، نے بینک اکاونٹ کھلواتے وقت 5 لاکھ روپے بینک منیجر کو جمع کرائے ،سابقہ برانچ مینیجر ، اختر حسین ، نے دستخط اور مہرشدہ رسید شہری کو دی ، مگر رقم اکاونٹ میں جمع نہ کرائی ،56 شہریوں سے فراڈ کے ذریعے 9 کروڑ 80 لاکھ روپے کی رقم ہتھیائی گئی ،شہری نے بینک سے رقم واپسی کیلئے رجوع کیا ، مگر کوئی ریلیف نہ مل سکا، شہری نے انصاف کے حصول کیلئے بینکنگ محتسب کو درخواست دی، جس نے رقم واپسی کا حکم دیا،

نیشنل بینک نے رقم واپس کرنے کے حکم کے خلاف صدر مملکت کو اپیل دائر کی تھی ،صدر نے اپیل کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ بینک منیجرکی دستخط اور مہر شدہ رسید درست ہے اور بینک اس کی پابندی کا مجاز ہے ، شکایت کنندہ نے درست رسیدون پر بینک احاطے میں حاضر سروس بینک  منیجر کو رقم جمع کرائی ،بینک  منیجرکے اقدام بے ضابطگی اور بد انتظامی کے زمرے میں آتے ہیں، صدر مملکت نے اپنے حکم میں کہاکہ بینک شکایت کنندہ کا دعوی رد کرنے ، اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا ،بینک نے محتسب کا فیصلہ رد کرنے کا کوئی جواز پیش نہیں کیا، لہذا اپیل مسترد کی جاتی ہے