اسلام آباد(صباح نیوز)نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے سی پیک منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں پر پیشہ ورانہ انداز میں کام جاری ہے، آل پاکستان چائنیز انٹر پرائزز ایسوسی ایشن کی 201 سے زائد رکن کمپنیوں نے اب تک پاکستان میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی اور 85 ہزار سے زیادہ پاکستانیوں کو روزگار دیا، وزارت اطلاعات چائنیز انٹر پرائزز کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں آل پاکستان چائنیز انٹرپرائزز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سی پیک کے 10 سال کے عنوان سے رپورٹ کے اجراکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب دنیا کے سامنے چائنیز انٹر پرائزز کی جانب سے پاکستان میں کئے جانے والے اہم اور شاندار کام کو اجاگر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ چائنیز انٹرپرائزز کی کوششوں کو فروغ اور عوام کو آگاہی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک دن بھی ایسا نہیں گذرتا جب ہم میڈیا پر سی پیک منصوبوں میں چائنیز انٹرپرائزز کی جانب سے ہونے والی پیشرفت کے بارے میں نہ سنتے ہوں۔چائنیز انٹر پرائزز نے جس پیشہ ورانہ مہارت اور مستقل مزاجی سے عالمی وبا کے باوجود سی پیک پر کام جاری رکھا جب دنیا کے تقریبا ہر منصوبے میں رکاوٹیں تھیں، پاکستان اور چین کی حکومتوں کے ساتھ ساتھ عالمی میڈیا نے بھی ان کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آل پاکستان چائنیز انٹر پرائزز ایسوسی ایشن کی 201 سے زائد رکن کمپنیوں نے اب تک پاکستان میں 25 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور 85 ہزار سے زائد مقامی افراد کو روزگار دیا جو سی پیک کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے گیم چینجر منصوبے کے تصور کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آل پاکستان چائنیز انٹر پرائزز ایسوسی ایشن کی رپورٹ میں پائیدار ترقی کی حکمت عملی وضع کی گئی ہے جو صرف موٹر ویز اور پاور پلانٹس تک محدود نہیں بلکہ ماضی میں تھر اور گوادر جیسے نظر انداز کئے جانے والے علاقوں میں مقامی کمیونٹیز کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ کی جانب سے تیار کی جانے والی اس دستاویزی فلم جس میں پورٹ قاسم کول پاور پلانٹ پر خواتین ڈمپر ٹرکس چلا رہی ہیں، کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ تبدیلی ہے جو ہمیں دنیا کو بتانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں فقیر پرائمری سکول اور پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ چائنیز انٹر پرائزز کی جانب سے لائی جانے والی تبدیلی کے بیج ہیں۔نگراں وفاقی وزیر نے گرین ڈویلپمنٹ، اسپیشل اکنامک زونز، ٹیکسٹائلز، زراعت اور ڈیجیٹل اکانومی میں بڑھتے ہوئے تعاون کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی خصوصی دعوت پر وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے حال ہی میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کی، اس دورے کے دوران دونوں ممالک نے چین پاکستان اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور مختلف شعبوں میں اپنے تعاون کو مزید مستحکم بنایا، اہم مسائل پر ایک دوسرے کے لئے حمایت کو اجاگر کیا اور عالمی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی اہمیت پر زور دیا۔مرتضی سولنگی نے کہا کہ اس فورم میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو بی آر آئی کے تحت ایک اہم منصوبے کے طور پر تسلیم کیا گیا اور دونوں فریقین نے اس کی ترقی کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
علاوہ ازیں انہوں نے متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے جن میں انفراسٹرکچر، مائننگ، صنعت، گرین ڈویلپمنٹ، صحت، اسپیس کوآپریشن، ڈیجیٹل معیشت اور دیگر شامل ہیں۔ دونوں ممالک نے علاقائی امن، استحکام اور دیرینہ تنازعات کے حل کے لئے اپنے مشترکہ عزم کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے صدر شی جن پنگ کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا۔ نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ 70 سالوں میں دوستانہ مشاورت اور اعلی سطحی رابطوں کے تسلسل نے دونوں آئرن برادرز پاکستان اور چین کے درمیان سیاسی اتفاق رائے اور باہمی اعتماد کو مزید مضبوط بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات مشترکہ مفادات کے شعبوں میں چائنیز انٹر پرائزز کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے ملحقہ ادارے پاکستان ٹیلی ویژن، پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان پہلے ہی میڈیا تعاون کو بڑھانے کے لئے اپنے ہم عصر چینی اداروں کے ساتھ منظم فریم ورک میں مشغول ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر سی پیک منصوبوں میں عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے کے تعاون اور کاوشوں کو بھی سراہا۔۔۔