راولپنڈی ( صباح نیوز )امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی وفاقی اور پنجاب حکومتیں عوام کے ریلیف کی بجائے اذیت کا باعث بنی ہیں ،نااہل اعظم کپتان اوراہل پنجاب پرمسلط بزدار میں مقابلہ ہے کہ کون نااہلی کے زیادہ ریکارڈ قائم کرتاہے ۔ہرتین ماہ بعد آئی جی اوروزارتوں کی آپس میں تبدیلی ،گندے بدبودارموزوں کی آپس میں تبدیلی سے زیادہ اہمیت نہیں رکھتی ۔
ان خیالات کااظہارانھوں نے صوبائی ذمہ داران کے اجلاس اور عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل رسل خان بابر،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان سمیت دیگرذمہ داران شریک ہوئے ۔
ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ عمران خان کاپیچھا نہیں چھوڑیں گے وہ ایک کروڑ نوکریوں اور 50لاکھ گھروں کاجواب دیں وہ کہاں ہیں ،راولپنڈی کے وزراء ریلوے اورپی آئی اے کوتباہ کرتے ہیں توانھیں جیل کی کال کوٹھڑی کی بجائے نئی وزارتیں ایوارڈ کی طورپردی جاتی ہیں ، نظام تعلیم پر خودکش حملوں نے بین الاقوامی سطح پرتودرکنارملکی سطح پربھی طلبا کے مستقبل پرسوالیہ نشان لگا دئیے ہیں،لبرل مافیا ہردن ،پاکستان کی اسلامی اورنظریاتی سرحدوں پرحملہ آورہوتا ہے نظام تعلیم کوسیکولر،لادین بنانے کی کوششیں کبھی کامیا ب نہیں ہوسکتیں،قادیانی لابی ہرادارے پرقابض ہے جس کے باعث آئے روزناموس رسالت ۖقوانین پروارکئے جاتے ہیں ،مدینہ کی اسلامی ریاست کانام لے کراسلام سے کھلواڑ کرنے والے عمران خان کی حکومت نے اسلام سے متصادم قوانین بناکرآئین پاکستان سے کھلواڑ کیا،سودی معیشت کی سرپرستی کرنے والے پاکستان اوراسلام کے دشمن ہیں۔