اسلام آباد (صباح نیوز)نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کے عوام کے حق خود ارادیت کے لئے اپنی آواز بلند کی اور آج بھی پاکستان اپنے اصولی موقف پر کھڑا ہے، اس موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ، ریاست، حکومت اور قوم یکجا ہیں، ہم فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، فلسطین کے عوام کو ان کے حق سے محروم کیا گیا تو صیہونی نسل پرست اسرائیل کی ریاست قائم نہیں رہے گی۔
ایوان بالا کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فلسطین کے معاملے پر ہم سب متحد ہیں، ایوان بالا نے فلسطین کے حق میں مضبوط آواز بلند کی ہے، اس مسئلہ پر پاکستان کی حکومت، ریاست اور قوم یکجا ہیں، اس تحریک پر وزیر خارجہ یا متعلقہ وزیر بحث سمیٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح سے لے کر نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ تک پاکستان کے تمام سربراہان نے فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا، پاکستانی قوم کا غیر متزلزل ایمان ہے کہ فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی کو کوئی دبا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک بینر اور ایک جھنڈے تلے اکٹھے ہو کر پرامن احتجاج کرنا چاہئے اور یہ پیغام دینا چاہئے کہ پاکستانی قوم اس مسئلہ پر متحد ہے۔
مرتضی سولنگی نے کہا کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے فلسطین کے صدر محمود عباس کو ٹیلیفون کیا اور ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کی تقریر صہیونی نسل پرستوں کے لئے خاصی تکلیف کا باعث بنی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ریاست ہمیشہ سے فلسطین کے عوام کے حق خود ارادیت کے لئے اپنی آواز بلند کرتی رہی ہے اور آج بھی پاکستان اپنے اصولی موقف پر کھڑا ہے۔ پاکستان کے اس موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، پاکستان آج بھی دنیا کی ان چند ریاستوں میں شامل ہے جن کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جن ممالک کے ساتھ جنگ لڑی ان کے ساتھ بھی ہمارے سفارتی تعلقات ہیں لیکن مسئلہ فلسطین کی وجہ سے ہمارے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم نہیں، اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان کا فلسطین کے حوالے سے موقف تبدیل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 1967 سے پہلے کی سرحدوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا حل چاہتا ہے، پاکستان کی ریاست، حکومت اور عوام اس معاملے پر فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، اس بارے میں کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات یقینی ہے کہ اگر انصاف نہیں ہوگا تو امن نہیں ہوگا، اگر فلسطین کے عوام کو ان کے حق سے محروم کیا گیا تو صیہونی نسل پرست اسرائیل کی ریاست قائم نہیں رہے گی۔