سانحہ مری کی ذمہ داری قبول کرنے کیلئے کوئی بھی تیار نہیں،شاہد خاقان عباسی


اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سانحہ مری کی ذمہ داری قبول کرنے کیلئے  کوئی بھی تیار نہیں ۔

انہوں نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ڈی ایم نے 23 مارچ کو لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے، 23 مارچ کو پریڈ کے بعد عوام کی پریڈ ہوگی، جتنے لانگ مارچ ہوں گے حکومت پر اتنا ہی دبا ئوبڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے، جو کیسز بنائے گئے ہیں پورا پاکستان جانتا ہے، مقدمے کی حیثیت سب جانتے ہیں یہ کیس بنتا ہی نہیں، نیب پراسیکیوٹر خود پریشان ہے کہ کیا کیس ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کی حیثیت آپ سب نے دیکھ لی ، چیئرمین نیب بتائیں کہ ہمارے خلاف کون سے کیس ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس حکومت پر کرپشن کے سکینڈل ہیں لیکن چیئرمین نیب خاموش ہیں، نیب نے ملک کے اندر تباہی پھیلائی ہے، ملک میں آج کوئی کام کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ڈیڑھ ارب کی مشینری مری کیلئے دی ہوئی ہے، آج سے پہلے کبھی مری میں برف سے پھنسنے سے اموات نہیں ہوئی تھیں، کوئی ذمہ داری قبول کرنے کیلئے تیار نہیں،ایک لفظ اظہار ہمدردی نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ  نواز شریف علاج کروا کر واپس آئیں گے اس سے پہلے نہیں آئیں گے۔