تربت ، گھر میں گھس کر فائرنگ ،6 مزدور جاں بحق ،2 زخمی


تربت(صباح نیوز)تربت کے علاقے سیٹلائیٹ ٹاؤن نامعلوم مسلح افراد نے گھر میںگھس کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 6مزدور جاں بحق اور 2زخمی ہو گئے،نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے واقعہ کا نوٹس لیا ،انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ۔پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے رات گئے ٹھیکیدار نصیر احمد کے گھر گھس کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 6افراد موقع ر جاں بحق اور 2زخمی ہو گئے ،جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو ہسپتا ل منتقل کر دیا گیا ۔

پولیس نے کہا کہ تربت میں فائرنگ سے جاں بحق اور زخمی مزدوروں کا تعلق پنجاب سے بتایا جاتا ہے، فائرنگ سے جاں بحق مزدور تعمیراتی کام کے لئے تربت میں تھے۔پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور اس نے واقعہ کی تفتیش شروع کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ۔ ٹھیکیدار کے ہاں تعمیراتی کاموں کے سلسلے میں مزدوری کرنے والوں کو نشانہ بنایا گیا، مقتولین کا تعلق پنجاب سے ہے۔جاں بحق اور زخمیوں کی شناخت رضوان ، شہباز ، وسیم ، شفیق احمد ، محمد نعیم اور سکندر کے نام سے ہوئی۔زخمیوں میں غلام مصطفی ولد نذیر احمد سکنہ ملتان اور توحید ولد جاور خان سکنہ نارووال پنجاب سے ہوئی ہے۔

نگران وزیر اعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈدمکی نے تربت میں بے گناہ مزردوں کے قتل کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی۔نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ واقعہ قابل مذمت ہے ، بے گناہ مزردوں کے قتل پر دلی دکھ ہوا ،واقعہ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔نگران وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرکے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔