کراچی(صباح نیوز) الخدمت کراچی کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے پروگرام ”اسکل ڈیو لپمنٹ پروگرام ”کے تحت کورسز مکمل کرنے والے طلبہ میں گزشتہ روز اسناد تقسیم کردی گئیں ،جن طلبہ کو اسناد دی گئیں انہوں نے الیکٹریکل ،موبائل رپیئرنگ اور انڈسٹریل آٹومیشن کے 2 سے 6ماہ کے کورسز کامیابی کے ساتھ نہ صرف مکمل کیے بلکہ ان کا امتحان بھی پاس کیا ہے ۔ کورسز مکمل کرنے والے طلبہ میں الخدمت اسکل ڈیو لپمنٹ سینٹر پی آئی بی کالونی میں اسناد اور تحائف تقسیم کیے گئے ۔
تقریب کے مہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو الخدمت نو ید علی بیگ تھے، جبکہ ڈائریکٹر مواخات پر وگرام یوسف محی الدین اور منیجر سینٹرمحمدطارق ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے تمام طلبہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ الخدمت کراچی کے نوجوانوں کو ہنر مند بنا نا چاہتی ہے تاکہ وہ اپنا کاروبار کر کے باعزت روزگار کما سکیں ۔انہوں نے کہا پروگرام کا آغاز کیے ابھی قلیل وقت ہوا ہے مگر اب تک 130بچے کورسز کامیابی سے مکمل کر چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان میں سے 70فیصد بچے اپناکام یا جاب کا آغاز کر چکے ہیں ،جبکہ الخدمت ان کورسز پاس کرنے والوں کو وہ آسان اقساط پر بلاسود چھوٹے قرضے بھی فراہم کر تی ہے تاکہ وہ اپنا کاروبا شروع کر کے معاشی طور پر خود کفیل بن سکیں ۔
نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت ”اسپوکن انگلش” کورس کا بھی آغاز کر دیا ہے۔ ہمارے نوجوان باصلاحیت ہے انہیں ہنمائی فراہم کر کے ہنر مند بنا کر معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکتا ہے۔ ڈائریکٹر الخدمت مواخات پر وگرام یوسف محی الدین نے کہا کہ وہ نوجوان جو وسائل نہ ہونے کہ وجہ سے تعلیم حاصل کرنے یا ہنر سیکھنے سے رہ جاتے ہیں ۔الخدمت ان بچوں کو ہنر سکھا کر انہیں ان کے پیروں پر کھڑا کر نے کی جدوجہد کر رہی ہے ۔یہی نوجوان ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بنیں گے۔اپنے پیروں پر کھڑے ہو کر خاندان کی کفالت کریں گے ۔ انہوں نے اہل خیر سے اپیل کی کہ وہ اس منصوبے میں الخدمت کا ساتھ دیں ۔