ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ، نشیبی علاقوں میں پانی جمع


اسلام آباد،لاہور،کوئٹہ (صباح نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے،نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سپیل جاری  ہے، لاہور میں بادلوں اور بارش نے ایک جانب موسم حسین بنا دیا تو دوسری جانب بارش سے لیسکو کے 90 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، شادمان، برانڈرتھ روڈ، شاہ جمال، علی پارک میں بجلی منقطع ہو گئی۔

رائل پارک، شاہدرہ، بیگم کوٹ، داتا نگر اور سگیاں کے علاوہ جوہرٹائون ،اچھرہ ،مزنگ ،شادی پورہ اور راوی روڈ کے علاقے بجلی سے محروم رہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے بھی شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔صوبے کے دیگر شہروں گجرات، ننکانہ صاحب اور منچن آباد میں بھی بادل خوب برسے، جھنگ،پیر محل اور صفدر آباد میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔

مظفر گڑھ شہر اور گردونواح میں گذشتہ رات سے وقفہ وقفہ سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا، اوچ شریف میں بھی مینہ برستا رہا۔بارشیں برسانے والا سسٹم بلوچستان میں  داخل ہونے کے بعد گزشتہ روز سے صوبے کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابرآلود ،صوبے کے بعض شمالی اور وسطی اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا ،گذشتہ24 گھنٹوں کے دوران سبی میں 29 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، لسبیلہ میں 19،قلات میں 16،دالبندین اور تربت میں 4 ، اوماڑہ میں 3 اور جیوانی میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ بھی جاری رہا،میرانشاہ میں پہاڑی علاقوں پر برف باری کا سلسلہ جاری رہا۔ وادی نیلم میں ایک دن کے وقفے کے بعد بارش اور برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔