لاہور(صباح نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان سال 2021 کے سب سے قیمتی کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کلینڈر ایئر 2021 میں متاثر کن کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔کیلنڈر ایئر 2021 میں وکٹوں کے پیچھے 56 شکار کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ میں 455 رنز، ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 134 رنز اور ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میں ریکارڈ ساز 1326 رنز بنانے والے محمد رضوان کو سال کے سب سے قیمتی کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
ایک روزہ میچ کے علاوہ محمد رضوان سال کے بہترین ٹی ٹوینٹی بلے باز کا ایوارڈ بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔پی سی بی نے 9 ٹیسٹ میچز میں 41 وکٹیں حاصل کرنے پر فاسٹ بولر حسن علی کو سال کا بہترین ٹیسٹ کرکٹر قرار دیا۔ انہوں نے اس سال ایک مرتبہ ایک اننگز میں 10 وکٹیں جبکہ پانچ بار ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ دو پلیئر آف دی میچ اور ایک پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو 6 ون ڈے میچز میں 2 سنچریوں اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 405 رنز بنانے پر ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا۔ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کرنے والے بولر شاہین شاہ آفریدی کے اسپیل کو سال کا متاثر کن کارکردگی ایوارڈ دیا گیا۔
انہوں نے 24 اکتوبر 2021 کو ہونے والے میچ میں 31 رنز دے کر تین اہم بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔علاوہ ازیں محمد وسیم جونیئر کو 2021 میں 15 انٹرنیشنل میچز سمیت 45 وکٹیں لینے والے ابھرتے ہوئے کرکٹر آف دی ایئر، ندا ڈار کو 604 رنز بنانے اور 25 وکٹیں لینے پر سال کی بہترین خاتون کرکٹر، صاحبزادہ فرحان کو پاکستان کپ میں 487 رنز، قومی ٹی ٹوئنٹی میں 447 رنز اور قائداعظم ٹرافی میں 935 رنز بنا کر ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا ۔