لندن (صباح نیوز)نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نےروانڈا ،سری لنکا اور جمیکا کے وزراء سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ،دوران ملاقاتیں ان ممالک سے نوجوانوں کی ترقی کے باہمی مواقع کی تلاش اور تعاون پر تبادلہ خیال کے علاوہ باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا،
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کامن ویلتھ یوتھ منسٹرز کے دسویں اجلاس کے موقع پر روانڈا کے وزیر امور نوجواناں ڈاکٹر عبد اللہ اتومت وشیما کے ساتھ ملاقات کی۔ دونوں وزرا نے نوجوانوں کی ترقی کے باہمی مواقع کی تلاش اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے مجموعی دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔علاوہ ازیں نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کامن ویلتھ یوتھ منسٹرز کے دسویں اجلاس کے موقع پر سری لنکا کے یوتھ افئیرز اینڈ سپورٹس منسٹر روشن رانا سنگا کے ساتھ ملاقات کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرا نے نوجوانوں کی ترقی کے باہمی مواقع اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماوں نے کھیل اور تعلیم کے شعبوں میں خصوصی طور پر دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان نوجوانوں کے امور میں پہلے ہی تعاون جاری ہے تاہم اس تعاون کومزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان کے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کامن ویلتھ یوتھ منسٹرز کے دسویں اجلاس کے موقع پر جمیکا کی ایجوکیشن اینڈ یوتھ منسٹر مارشا سمتھ ایم پی کے ساتھ بھی ملاقات کی۔دونوں وزرا نے نوجوانوں کی ترقی کے باہمی مواقع کی تلاش اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماوں نے باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔