تنظیم کے استحکام اور دعوت کے فروغ میں شعبہ جات کی کارکردگی کا کلیدی رول ہے،نصر اللہ رندھاوا


اسلام آباد(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں بذریعہ انتخابات جمہوری وپرامن طریقے سے تبدیلی چاہتی ہے، کارکن اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں، کسی بھی تنظیم کے استحکام اور دعوت کے فروغ میں شعبہ جات کی کارکردگی کا کلیدی رول ہے ،

انھوں نے کہا اسلامی انقلاب کی جدوجہد اور معاشرے کی اصلاح کے حوالے سے ہر شعبہ اپنا کردار ادا کرے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ناظمین شعبہ جات کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔

         نصر اللہ رندھاوا نے کہا جماعت اسلامی ایک فکری ونظریاتی جماعت ہے جو اپنے قیام کے روز اول سے ملک میں اصلاح معاشرہ و اسلامی نظام کے قیام کیلئے جدوجہد کررہی ہے، مہنگائی، بیروزگاری،بدامنی اور بے یقینی کی صورتحال کے خاتمے سمیت ہمارے تمام مسائل کا حل بھی شریعت کے نظام میں مضمر ہے۔