منی بجٹ کے بعد مہنگائی میں مزید شدت آئے گی ،شیری رحمان


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر وسینیٹرشیری رحمان نے کہا ہے کہ ہفتہ وار بنیاد پر قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے، منی بجٹ کے بعد مہنگائی میں مزید شدت آئے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں شیری رحمان نے کہا کہ حالیہ ایک سروے میں پاکستان کی اکثریت نے اس حکومت کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا ووٹ دیا ، اخلاقی طور پر یہ اب منی بجٹ پیش کرنے اور حکومت کرنے کا جواز کھو چکے ہیں، دسمبر میں مہنگائی کی شرح 12.3 فیصد رہی، مہنگائی کی یہ شرح 22 ماہ کی بلند ترین سطح پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے مہنگائی کی شرح 21.92 فیصد ہے، تباہی سرکار اپنی ہی نااہلی کے ریکارڈ توڑ رہی ہے، عارضی بنیادوں پر معیشت چلانے کی خوفناک نتائج سامنے آ رہے ہیں۔