لاہور ،سرگودھا(صباح نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ۔آل رائونڈر محمد حفیظ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے باقا عدہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور کہا کہ اپنے کیریئر سے خوش اور مطمئن ہوں، جب تک فٹ ہوں اور پرفارم کرتا رہا تو لیگ کرکٹ کھیلتا رہوں گا ۔
انہوں نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ وننگ ٹیم کا حصہ ہوتا، محنت اور کوشش کی لیکن ایسا ممکن نہ ہو سکا۔آل راونڈر کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں اور بورڈ کے درمیان کمیونیکیشن رہنی چاہیے گیپ کم ہونا چاہیے ، میں نے پی سی بی کے ساتھ کبھی ناراضگی کا اظہار نہیں کیا، میرا ہمیشہ یہ موقف رہا کہ فکسرز کو موقع نہیں ملنا چاہیے۔
محمد حفیظ نے کہاکہ میں نے احتجاج کیا اور جو جواب مجھے ملا اس پر سب سے زیادہ تکلیف ہوئی، مجھے اس وقت کے چیئرمین نے کہا کہ آپ نے کھیلنا ہے تو کھیلیں ، انہوں نے تو کھیلنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں آج بھی اس بات پر قائم ہوں کہ جس نے پاکستان کے نام کو نقصان پہنچایا اسے موقع نہیں ملنا چاہئے ۔محمد حفیظ نے کوچنگ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ جو لوگ پاکستان میں موجود ہیں انہیں پہلے موقع ملنا چاہیے،انہوں نے کہاکہ مجھے میرے ڈیپارٹمنٹ نے بہت سپورٹ کیا، ڈیپارٹمنٹ کرکٹ نے بہت سپر اسٹارز دئیے ، میری خواہش ہے کہ ڈیپارٹمنٹس سے عملی طور پر فائدہ اٹھانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے 2019 کے ورلڈ کپ کے بعد سوچا تھا کہ مکمل ریٹائر ہوجائوں مگر اہلیہ نے کہا کہ ابھی آپ کھیلیں کچھ قریبی لوگوں کی بھی یہی رائے تھی، میری اہلیہ تو اب بھی نہیں چاہتیں کہ میں ریٹائرمنٹ لوں ،تاہم اہلیہ کو سمجھایا کہ ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے اور اب یہ وقت آ گیا ہے۔آل رائونڈرنے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بالکل ایسا نہیں ہے رمیز راجا کے 2019 میں کمنٹس کی وجہ سے ریٹائرمنٹ کا سوچا ، میں ناقدین کو ہمیشہ احترام دیتا ہوں، انہیں گرائونڈ میں جواب دیتا ہوں،اچھے انداز سے اپنے کیرئیر کا اختتام کر رہا ہوں، کسی کی وجہ سے فیصلہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ 17 اکتو بر 1980 کو سرگودھا میں آنکھ کھولنے والے محمد حفیظ 3 اپریل 2003 کو شارجہ میں زمبابوے کے خلاف اپنا پہلا بین الااقومی ون ڈے کھیلا، اسی سال اگست میں انہوں نے نیشنل سٹیڈیم کر اچی میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔محمد حفیظ نے تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیئے، آل رائونڈر نے ایک ٹیسٹ 2 ون ڈے اور 29 ٹی 20 انٹرنیشنلز میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیئے۔ 2004 میں بنگلا دیش میں آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں گروپ مرحلے سے باہر ہو نے کے بعد بطور کپتان محمد حفیظ نے تمام ذمہ داری قبول کی اور پاکستان پہنچ کر قیادت سے علیحدہ ہو نے کا اعلان کر دیا۔2007 میں جنو بی افریقہ میں شعیب ملک کی قیادت میں پہلا آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کھیلنے والے محمد حفیظ 2009 کے علاوہ پاکستان کے لیے تمام آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلے۔
پاکستان کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار کیے جا نے والے محمد حفیظ نے پاکستان کے لیے 392 بین الااقومی میچو ں میں 12789 رنز 21 سنچریوں 64 نصف سنچریوں کی مدد سے بنائے، ایک مستند فیلڈر مانے جانے والے محمد حفیظ نے 160 کیچ لینے کے ساتھ بطور آف بریک بولر 253 وکٹیں بھی حاصل کیں۔