اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم عمران کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کی گاڑی کو نامعلوم افراد کی جانب سے روکنے کی کوشش کی گئی، تاہم ریحام خان گاڑی میں موجود نہیں تھیں۔
تفصیلات کے مطابق ریحام خان کی گاڑی کو نامعلوم افراد کی جانب سے روکنے کی کوشش کی گئی۔ واقعہ آئی جے پی روڈ پر پیش آیا، اور ریحام خان کے پرسنل سیکرٹری کے مطابق واقعہ کی تحقیقات اور سکیورٹی کے حصول کے لئے درخواست تھانہ شمس کالونی میں جمع کرا دی ۔
پولیس نے بتایا کہ ریحام خان کو ان کی رہائش گاہ ڈراپ کرنے کے بعد ڈرائیوار اور پرسنل سیکرٹری گاڑی میں موجود تھے۔ پرسنل سیکرٹری کے مطابق ریحام خان ہری پور سے اسلام آباد پہنچی تھیں، انہیں ان کی رہاشگاہ ڈراپ کرکے نکلے تھے، ریحام خان گاڑی میں موجود نہیں تھیں۔ریحام خان نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں ناخوشگوار واقعہ پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس نام نہاد حکومت کو ایسے واقعات کا جوابدہ ہونا چاہئے۔