ایوان صدرعوام کیلئے کھلا رہا، شہریوں نے ایوان صدر کے مختلف حصوں کی سیر کی


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے شہریوں نے ہفتہ کوایوان صدر کے مختلف حصوں کی سیر کی ۔ اس موقع پرخواتین اوربچوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجودتھی ۔ایوان صدرکے عملہ کی جانب سے شہریوں کومعلومات کی فراہمی کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے تھے، مختلف مقامات پرشہریوں کیلئے پینے کے پانی کی فراہمی کا بندوبست بھی کیا گیاتھا۔

شہریوں نے ایوان صدرکے عملہ کی جانب سے کئے جانیوالے انتظامات کوسراہا۔ ایوان صدرکے عملہ نے شہریوں کو گروپوں کی صورت میں مختلف حصوں کی سیرکرائی اورانہیں پرشکوہ اورتاریخی عمارت کے بارے میں ساتھ ساتھ آگاہ کرتے رہے۔اس موقع پر گفتگو میں شہریوں نے صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کی جانب سے ایوان صدرکو عوام کیلئے کھولنے کے فیصلے کی تعریف کی۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے غلام مصطفی شاہ جو فیملی کے ہمراہ ایوان صدرآئے تھے، نے بتایا کہ انہیں ایوان صدر آکر خوشی محسوس ہورہی ہے، انہوں نے کہاکہ وہ پہلی بارایوان صدرآئے ہیں اورانہیں اس بات کی خوشی ہے کہ ان کے ہمراہ فیملی کو بھی ایوان صدرکی سیر کا موقع ملا ۔ لو ئردیر سے فیملی کے ہمراہ آنیوالے عمادبخت خان نے بتایا کہ وہ اپنی فیملی کے ہمراہ اسلام آبادکی سیر کیلئے آئے تھے اورجب انہیں معلوم ہوا کہ ایوان صدرآج عوام کیلئے کھلا ہے تو انہوں نے یہاں آنے کافیصلہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ ان کی زندگی کا یادگاردن بن گیا ہے۔

سندھ کے ضلع ٹنڈو الہ یار سے تعلق رکھنے والے عطااللہ نے بتایا کہ وہ ماضی میں کئی بار اسلام آباد آئے ہیں لیکن انہیں پہلی بارایوان صدرکو اندرسے دیکھنے کا موقع ملا۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں ایوان صدرداخل ہونے میں کوئی دشواری پیش نہیں آئی ،سیکورٹی اورعملہ شہریوں کے ساتھ تعاون کررہاہے، انہوں نے کہاکہ وہ صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کا شکریہ اداکرنا چاہتے ہیں جنہوں نے ملک کی اس اہم ایوان کو عوام کیلئے کھول دیا ہے۔ اسلام آباد سے فیملی کے ہمراہ آنیوالی خاتون ارم بتول نے بتایا کہ پہلے وہ اس عمارت کے سامنے والے حصہ کوباہر باہرسے دیکھتی چلی آرہی تھی لیکن آج پہلی بارانہیں ایوان صدرکے اندر آنے اورمختلف حصوں کی سیرکا موقع ملا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بلاشبہ یہ ایک تاریخی عمارت ہے اور اس میں شہریوں کی دلچسپی قدرتی امر ہے۔ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی سعدیہ بیگم نے بتایا کہ آج صبح خبریں دیکھتے ہوئے جب انہیں معلوم ہواکہ ایوان صدرعوام کیلئے کھولا رہے گا توانہوں نے یہاں آنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہاکہ انہیں تاریخی چیزیں دیکھنے کا موقع ملا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ صدرمملکت اورتحریک انصاف کی حکومت کا یہ ایک اچھا قدم ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔

ایوان صدردن ایک بجے سے 4 بجے کے درمیان عوام کیلئے کھلا رہا اوراس دوران شہریوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا ان میں خواتین بچوں طلبہ طالبات اور نوجوانوں کی اکثریت شامل تھی۔ شہریوں نے ایوان صدر کے مختلف حصوں کی سیر کی، بالکونیاں دیکھیں، باغیچیاور فوارے دیکھے۔باغ کے سیر کی ایوان صدر میں نصب خوبصورت ماڈلز دیکھے۔ اس موقع پرکئی شہریوں نے حفاظتی عملے سے ہاتھ ملا ئے اوران کے ساتھ یکجہتی کااظہارکیا ۔

شہریوں نے پرچم اتارنے کی تقریب میں خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا اورموقع پرپاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔