اسلام آباد (صباح نیوز)قومی اسمبلی میں نیچر کنزرویشن اینڈ وائلڈ لائف اور “واپڈا یونیورسٹی اسلام آباد بلز منظور کرلئے گئے جب کہ زیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نواب شاہ کے قریب ریلوے حادثے کی تحقیقات جاری ہیں، حتمی رپورٹ ایک دو روز میں مرتب ہو جائے گی ریلوے کے چھ اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے جاں بحق مسافروں کے لواحقین کو 15 لاکھ روپے معاوضہ دیا جا رہا ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نواب شاہ کے قریب ریلوے حادثے کی تحقیقات جاری ہیں اور اس کی حتمی رپورٹ ایک دو روز میں مرتب ہو جائے گی۔ قومی اسمبلی میں حادثے کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ٹرین کراچی سے روانہ ہوئی تو بوگی کے دو پہیے جام ہوگئے، جنہیں ٹرین سے ہٹانا چاہیے تھا۔ اس کے علاوہ جائے حادثہ کے قریب ریلوے ٹریک کا ایک ٹکڑا ٹوٹ گیا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے چھ اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے اور مرنے والے مسافروں کے لواحقین کو 15 لاکھ روپے معاوضہ دیا جا رہا ہے۔تاہم وزیر نے ریلوے ٹریک میں لکڑی کو جوائنٹ کے طور پر استعمال کرنے سے متعلق میڈیا رپورٹس کو مسترد کردیا۔جے یو آئی (ف)کے رہنما مولانا اسعد محمود نے کہا کہ آئین کی پاسداری، جمہوریت کی مضبوطی اور ریاستی اداروں کے احترام پرضروری ہے ۔
جے یو آئی ف ریاستی اداروں اور ان کے ساتھ کام کرنے والے لوگوں کے حوصلے پست کرنے پر یقین نہیں رکھتی۔ ہم ملک میں جمہوریت اور آئین کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کی قربانیوں کا احترام کرتے ہیں۔وفاقی وزیر مواصلات نے مزید کہا کہ ہمیں ملک میں امن کی بحالی کے لیے عوام میں اتحاد پیدا کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے تاکہ ہم وطنوں کی خوشحالی کے لیے معاشی اہداف حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت نے حال ہی میں قبائلی عوام کا ایک گرینڈ نیشنل جرگہ بلایا، جس میں پاکستان اور افغانستان کو تجویز دی گئی کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنائیں۔بعدازاں ایوان نے “اسلام آباد نیچر کنزرویشن اینڈ وائلڈ لائف مینجمنٹ بل، 2023،” اور “واپڈا یونیورسٹی اسلام آباد بل، 2023” بھی منظور کیا۔ ایوان کا اجلاس اب کل (بدھ کو) دوپہر 2 بجے ہوگا۔