اسلام آباد (صباح نیوز ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں پولیس اور انتظامیہ کے لیے لمحہ فکریہ ہے، اسلام آباد پو لیس اور انتظامیہ کی غفلت سے اہل اسلام آباد چوروں اور ڈکیتوں کے رحم کرم پر ہیں ، پورا اسلام آباد مسائلستان بنا ہوا ہے ، جھنگی سیداں سمیت اسلام آباد کے دیہات اور سیکٹر منشیات فروشوں کی آماجگاہ بنے ہوئے ہیں ،
انھوں نے کہااسلام آباد میں ایک ایک دن میں اسی اسی ڈکیتیوں کی وارداتیں ہو رہی ہیں ،چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے پولیس کا علاقے میں گشت بڑھایا جائے، وزیر داخلہ شیخ رشید جی ایچ کیو کی تر جمانی چھوڑ کر امن و امان پرتو جہ دیں ،کیا اس ملک میں کو ئی حکمران ہے جو عوام کے مسائل پر بھی تو جہ دے وزیر اعظم کے ناک کے نیچے عوام لوٹ رہے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جھنگی سیداں میں چوری اور ڈکیتیوں کی وارداتوں کے خلاف منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر گرو پ لیڈر یونین کونسل 45محمد دائود بٹ ،ناظم زون عزیز الرحمن، ناظم یو سی منیب احمد ، صہیب مرزا، ارشد مرزا، حاجی دلاور خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔
میاں محمد اسلم نے کہا اگر انتظامیہ عوام کے جان و مال کی حفاظت نہیں کرسکتی تو ہاتھ کھڑے کردے عوام کی خد مت کا فریضہ ہم خود سر انجام دیں گے ، اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس شہریوں کو جان ومال کے تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہیں۔ اسلام آباد میں سیکیورٹی کی 26ایجنسیاں اور دیگر ادارے ہیں ، مگر اس کے باوجود عوام کا جان و مال محفوظ نہیں دن دیہاڑے شہری لوٹ رہے ہیں ، ایسے میں عوام پوچھتی ہے پولیس اور ایجنسیوں کے لوگ کیا کررہے ہیں؟ ، انھوں نے کہا ہمیں احتجاج کر نے کا شوق نہیں مگر جب ادارے اور انتظامیہ اپنا کام نہیں کرتے تو مجبور ہو کر شہری سڑکوں کا رخ کر تے ہیں۔