تعلیمی پارلیمنٹیرینز کاکس کا مقصدمکالمے اور تعاون کو فروغ دینا ہے ، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے صوبوں اور وفاق کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی پارلیمنٹیرینز کاکس کا بنیادی مقصد صوبوں، وفاق اور تعلیم کے شعبے میں کام کرنے والی تنظیموں کے درمیان تعاون کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار  ایجوکیشن پارلیمنٹرینز کاکس (ای پی سی)، جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز (پپس) کے اشتراک سے تعلیم کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار میں تعلیم کے شعبے کے نمائندوں اور ماہرین کو مدعو کیا گیا۔اپنے خطاب میں چیئرمین سینیٹ نے سینیٹ آف پاکستان میں حال ہی میں قائم ہونے والے ایجوکیشن پارلیمنٹرینز کاکس کا تعارف کرایا۔ چیئرمین سینیٹ نے صوبوں اور وفاق کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ کاکس کا بنیادی مقصد صوبوں، وفاق اور تعلیم کے شعبے میں کام کرنے والی تنظیموں کے درمیان تعاون کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ میں تعلیمی کاکس کے قیام کا مقصد مکالمے اور تعاون کو فروغ دینا ہے تاکہ پاکستان میں تعلیمی معیار کو بڑھانے کے لیے ایک باہمی تعاون پر مبنی نقطہ نظر پیش کیا جا سکے۔

چیئرمین سینیٹ نے امید کا اظہار کیا کہ جاپان سمیت دوست ممالک اور ادارے پاکستان میں تعلیم کے شعبے کو تقویت دینے کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کریں گے۔ انہوں نے جاپان کے تجربات سے سیکھنے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اساتذہ کو تربیت کے لیے بیرون ملک بھیجنے کی حوصلہ افزائی کی تاکہ ان کے علم میں اضافہ ہو سکے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ علم ہی اصل زیور ہے اور تعلیم محض ڈگریوں اور سرٹیفکیٹس کا نام نہیں، ہمیں اپنے بچوں کو تربیت دینی ہوگی تاکہ وہ موثر شہری بن کر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں ہماری پسماندگی کی وجوہات کی نشاندہی ہونی چاہیے۔ محمد صادق سنجرانی نے ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دینے کے لیے اساتذہ کی بھرتی، تربیت، پیشہ ورانہ ترقی اور نصابی اصلاحات میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

چیئرمین سینیٹ نے ملک میں تعلیمی منظرنامے کو مزید آگے بڑھانے کے لیے متبادل اور جدید تعلیمی ماڈلز تلاش کرنے کی اہمت کو اجاگر کیا۔چیئرمین سینیٹ نے تقریب کے شرکا پر زور دیا کہ وہ تعلیمی نظام کو درپیش موجودہ چیلنجز اور رکاوٹوں کی فعال طور پر نشاندہی کریں اور ان پر قابو پانے کے لیے باہمی تعاون سے کام کریں۔ چیئرمین سینیٹ نے تمام سٹیک ہولڈرز بالخصوص ایجوکیشن پارلیمنٹرینز کاکس، جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) ، پپس اور دیگر تعاون کرنے والی تنظیموں کا سیمینار کے انعقاد اور پاکستان میں تعلیمی ترقی کے فروغ کیلئے ان کی کاوشوں پر شکریہ ادا کیا۔۔۔