گال ٹیسٹ،پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی


کولمبو(صباح نیوز)پاکستان نے گال میں پہلے ٹیسٹ کے آخری روز سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے میچ کے چوتھے روز میزبان سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں 279 رنز بنا کر جیت کے لیے دیئے گئے 131 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

گال ٹیسٹ میں جب چوتھے روز کھیل کا اختتام ہوا تو پاکستان نے 131 کے ہدف کے تعاقب میں 3 وکٹوں پر 48 رنز بنائے تھے اور جیت کے لیے مزید 83 رنز درکار تھے۔

کھیل کے آخری روز کے آغاز پر پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 48 رنز بنائے ہوئے تھے، اسے جیت کے لیے 83 رنز درکار تھے اور کریز پر امام الحق اور کپتان بابراعظم موجود تھے۔ امام الحق 25 اور کپتان بابراعظم نے 6 رنز سے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا، بابراعظم 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ان کے بعد پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنانے والے بلے باز سعود شکیل 30 اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس دوران اوپنر امام الحق نے اپنی نصف سنچری اسکور کی اور آغا سلمان کے ساتھ ٹیم کی فتح تک ناؤٹ آؤٹ رہے، آغا سلمان نے 6 رنز بنائے۔سری لنکا کی جانب سے پراباتھ جے سوریا نے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ایک وکٹ رمیش مینڈس کے حصے میں آئی۔

میچ کی پہلی اننگز شاندار ڈبل سنچری بنانے اور دوسری اننگز میں 30 رنز بنانے پر مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میچ کے تیسرے روز مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل کی شان دار ڈبل سنچری کی بدولت پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں سری لنکا پر 149 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد 461 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی،

میچ کے چوتھے روز سری لنکا اپنی دوسری اننگز میں 279 رنز بنا سکی تھی اور یوں پاکستان کو جیت کے لیے 131 رنز کا ہدف ملا تھا۔یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے جس کا آغاز پاکستان نے 4 وکٹوں کی فتح کے ساتھ کیا ہے۔