پاکستان کا اعزاز، نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی دنیا کی جدید ترین جامعات میں شامل

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان کی نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اسلام آباد کو ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ فار انوویشن (ڈبلیو یو آر آئی) نے 2023 میں دنیا بھر کی جدید ترین یونیورسٹیوں میں سے سو میں سے ایک کے طور پر منتخب کیا ہے۔ عالمی رینکنگ ایجنسی نے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کو صنعتی شعبے میں ترقی کے لیے نئی جدت آمیز ایجادات کے حوالے سے دنیا بھر کی 100 بہترین یونیورسٹیوں میں شامل کر لیا ہے اور صنعتی شعبے کے حوالے سے یونیورسٹی پروگراموں کو عالمی معیار میں انفرادی نوعیت کے رحجانات کے حامل قرار دیا ہے۔

ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ فار انوویشن نے پہلی مرتبہ نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی پاکستان کو جن یونیورسٹیوں کے ساتھ دنیا کی جدید ترین یونیورسٹیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے ان میں ایم آئی ٹی، یونیورسٹی آف پنسلوانیا اور ہارورڈ سرفہرست ہیں۔ حیران کن طور پر اس میں بہت سے کم معروف لیکن قابل ذکر طور پر جدید ترین اعلی تعلیمی ادارے بھی شامل ہیں جو کہ دیگر روایتی یونیورسٹیوں کی درجہ بندی میں اس سے پہلے ظاہر نہیں ہوئے تھے۔

پاکستان کی نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ منروا یونیورسٹی امریکہ، ایکول 42 فرانس، سائمن فریزر یونیورسٹی کینیڈا، عبداللہ گل یونیورسٹی ترکیہ، برپا یونیورسٹی تھائی لینڈ اور سمر اسٹیٹ یونیورسٹی فلپائن شامل ہیں۔ رینکنگ کے لیے طریقہ کار روایت، شہرت یا مقبولیت پر مبنی نہیں ہے بلکہ نئے تصورات جیسے جدت پسندی، کاروباری، صنعتی شعبے کی ترقی، سماجی ذمہ داری، کشادگی، بحران کے انتظام اور چوتھے صنعتی انقلاب پر مرکوز ہے۔

ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ فار انوویشن نے اپنے تہنیتی پیغام میں ریکٹر نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کو لکھا ہے کہ ہم آپ کی مہارت اور صنعتی ترقی کے لیے جدت پر مبنی پروگراموں کی بہت قدر کرتے ہیں جن کا ہمارے خیال میں اعلی تعلیم کے اداروں میں موجود ہونا انھیں انمول بناتا ہے۔یونیورسٹی کی اس کامیابی پر ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر)معظم اعجاز کہتے ہیں کہ نیوٹیک کا سو یونیورسٹیز فار انوویشن میں شمار ہونا نہ صرف یونیورسٹی بلکہ پورے پاکستان کے لیے اعزاز ہے۔ نیوٹیک کو یہ اعزاز ملا ہے کہ دنیا کی ان سو یونیورسٹیز میں شامل ہے جو انڈسٹری ڈویلپمنٹ میں اپنا لوہا منوا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیوٹیک 2018 میں بنی۔ نیوٹیک کا سلوگن یونیورسٹی فار انڈسٹری ہے۔اسی وجہ سے بہت ہی کم عرصے میں یونیورسٹی نے اپنا نام بنا لیا ہے۔ یہ اس لسٹ میں شامل پاکستان کی پہلی نیشنل یونیورسٹی ہے۔ اس وقت یونیورسٹی میں گریجویشن اور ماسٹرز کی سطح کے پروگراموں میں جدید تعلیم فراہم کی جارہی ہے اس کے علاوہ یونیورسٹی رواں سال گریجویشن اور ماسٹرز ڈگری کے مزید پروگرام شروع کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ نیوٹیک پاکستان میں بین الاقوامی معیار کی ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور ایکسپورٹ میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔