امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم ‘اپنا’ کے چھیالیسویں کنونشن کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان، ترک صدر اور سفرا کے تہنیتی پیغامات

ڈیلاس(صباح نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے  امریکہ میں پاکستانی نژاد ڈاکٹروں  کی تنظیم ‘اپنا ‘ کے چھیالیسویں کنونشن کے موقع پر تنظیم اور اس کی قیادت کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہم ‘اپنا’ کی پاکستان کے لئے خدمات اور پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط کرنے کی  کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے  اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان میں سیلاب  اور کوویڈ 19 کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے حوالے سے ہم اپنا کی بروقت مدد کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنا کی پیشہ وارانہ اور انسانی خدمت کے حوالے سے کامیابیوں پر نازاں ہیں۔  وزیر اعظم نے ‘اپنا’ کے صدر اور تنظیم کے اراکین کو کامیاب کنونشن کے انعقاد پر مبارکباد دی۔

‘اپنا’ کے چھیالیسویں کنونشن کے موقع پر ترکی کے صدر  رجب طیب ایردوان  نے بھی  اپنے ویڈیو پیغام میں ترکی کے 85 ملین شہریوں کی جانب سے مبارکباد کا پیغام دیا۔ صدر اردوان نے کہا کہ ترکی اور پاکستان دو برادر ملک  ہیں جن کے درمیان خصوصی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی میں تباہ کن زلزلے،   جس نے گیارہ صوبوں کو متاثر کیا اور جس کے نتیجے میں پچاس ہزار قیمتی جانیں ضائع ہوئیں ، کے موقع پر پاکستانی امریکن کمیونٹی نے ‘اپنا’ کے زریعے ترکی کی مدد کی۔   ترکی کے صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ ترکی کے زلزلہ متاثرین  اس مشکل  کی گھڑی میں   آپ کی حمایت کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ ہمیں ان زخموں کو بھرنے کے لیے آپ کی مدد اور دعاوں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فروری کے زلزلے میں ہم نے دیکھا کہ ہماری قسمت مشترک ہے۔ زلزلے کے بعد پاکستانی عوام نے جو مدد بھیجی  اس  سے ہمارے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں نے ایک بار پھر ہمارے ساتھ اپنی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔اپنے ویڈیو پیغام میں ترک صدر نے یہ بھی کہا کہ مغربی ممالک میں اسلامو فوبیا اور زینو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کو اسی صورت میں روکا جا سکتا ہے جب ہم متحد ہو کر کام کریں۔ سویڈن میں عید الاضحی کے پہلے دن ہماری مقدس کتاب قرآن پاک پر ہونے والے گھناونے حملے نے اس خوفناک حد کو  واضح  کیا جس پر اسلام فوبیا پہنچ چکا ہے۔  ترکی اس واقعے کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور بحیثیت مسلمان یہ ہمارا فرض ہے کہ  ہم  اس بات کو یقینی بنائیں کہ مستقبل میں یہ واقعات رونما نہ ہوں۔

انہوں نے کہا  کہ اگر مسلمان  یک جان ہو کر آواز  اٹھائیں گے  تو کسی کو  ہم  پر حملہ کرنے کی جرات نہیں ہوگی۔  ترک رہنما نے کہا کہ جیسا کہ ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں حکم دیا تھا اگر ہم جسد واحد ہوں گے تو  کوئی ہمیں  زیر  نہیں کر  سکتا۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو یہ اجازت نہیں دے سکتے کہ وہ  ہمیں نسلی، فرقہ وارانہ یا ثقافتی اختلافات کی بنیاد پر تقسیم کرے۔ مجھے یقین ہے کہ اگر ہم سب اس کوشش میں کامیاب ہو گئے تو اللہ کا فضل ہمارے ساتھ ہو گاامریکہ میں ترکی کے سفیر حسن مرت مرجان نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ کو یاد کرتے ہوئے سفیر مرجان نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہمارے  قریبی تعلقات کا اظہار کیا  اور ان دوستوں کی مانند کہا   جو مشکل وقت میں ایک دوسرے کو غیر مشروط مدد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا  کہ ہما ری مشترکہ تاریخ ہماری پارٹنر شپ  کو مزید بلندیوں تک پہنچانے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی  ہے۔

” ترک سفیر نے کہا کہ  ہم ترک امریکی  اور پاکستانی  امریکی کمیونٹی  کے درمیان تعاون  کے فروغ کے خواہاں ہیں  اور اس حوالے سے نئی راہیں تلاش کر رہے ہیں۔ ۔ اس طرح کے اقدامات سے ہمارے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں نمایاں بہتری آئے گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے پاکستان  اور  ‘اپنا’ کے حوالے سے جذبات کے اظہار پر ترک قیادت کا شکریہ ادا کیا۔  انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی تنظیم ‘اپنا’   امریکہ میں پاکستان کا چہرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘اپنا’ سرحدوں کی حدود قیود   سے بالا تر ہو کر عزم و ہمت کے ساتھ انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔ انہوں نے  کہا کہ  ترکی میں تباہ کن زلزلے کے  درد کو پاکستان کے عوام نے محسوس کیا۔  انہوں نے کہا کہ زلزلے کے دوران  ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے ‘اپنا’ کی کاوشیں پاکستانی امریکن کمیونٹی اور پاکستانی عوام کے جذبات کی عکاس  تھیں۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر نے ‘اپنا’ کے اراکین کی انفرادی اور اجتماعی طور پر کی جانے والی فلاحی  سرگرمیوں کو   اجاگر کیا۔