اسلام آباد ( صباح نیوز)سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) کے قائد چوہدری محمد یٰسین کی ٹیم کے ہمراہ چیئرمین سی ڈی اے اور بورڈ ممبران سے ایجنڈا میٹنگ ہوئی جس میں یہ فیصلہ ہوا کہ پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لیے جنوری میں ہی سمری بورڈ میں منظوری کے لیے مرتب کی جائے تاکہ عدالت سے فیصلہ آتے ہی قرعہ اندازی کی جاسکے ،
ادارے سے نکالے گئے 141ڈیلی ویجزاوور ایج ملازمین کو اگلی بورڈ میٹنگ میں نوکریوں پر بحال کر کے ریگولر اور مستقل نکالے جانے والے بارہ ملازمین کو بھی انکی نوکریوں پر بحال کر دیا جائے گا،انوائرمنٹ ،سینی ٹیشن ،واٹر سپلائی ،روڈ و دیگر ڈائریکٹوریٹ میں ملازمین کی ہفتے کی چھٹی کو بحال کر دیا گیا ،ملازمین کی ترقیوں کا عمل فوری طور پر جاری کرنے کا فیصلہ کر دیا گیا ،میت کو لے جانے کے لیے دونئی کفن کیرئیر کی منظوری دے دی گئی اس ضمن میں ڈی ایم اے ڈائریکٹوریٹ کو ہدایات جاری کی گئیں کہ فوری طور پر نئی کفن کیرئیرز کا بندوبست کیا جائے ،
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے کہا کہ سی ڈی اے ملازمین شاباش کے مستحق ہیں جن کی محنت اور لگن سے اسلام آباد جیسا خوبصورت شہر بنایا ہے اور انشاء اللہ ہم ملازمین کی بہتری کے لیے سی ڈی اے کی نمائندہ یونین کے ساتھ مل کر ادارے کی بہتری اور مزدوروںکی خوشحالی کے لیے کام کریں گے ،
اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد ،ممبر ایڈمنسٹریشن عامر عباس خان ،ممبر انجینئرنگ سید منور شاہ اور سی ڈی اے انتظامیہ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے انتظامیہ کا مثبت رویہ ہے اور جہاں چیئرمین سی ڈی اے نے وزیر اعظم کے وژن کے مطابق اسلام آباد کو دوبارہ سرسبز و شاداب اور خوبصورت بنانے کے لیے عملی اقدمات کیے وہاں ان ملازمین کو مراعات دینے کے لیے انکا مثبت رویہ ہے اور ہم اسی طرح ایک ٹیم ورک کے ذریعے ادارے و ملازمین کی ترقی کے لیے ملکر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔