وفاقی دارالحکومت کا نیا بلدیاتی نظام اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج


اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد کے بلدیاتی نمائندوں نے نیا لوکل گورنمنٹ آرڈیننس اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت کرتے ہوئے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی، سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری قانون کو نوٹس جاری کر دیا۔عدالت نے 11 جنوری تک سیکریٹری داخلہ اور سیکرٹری قانون سے جواب طلب کر لیا۔

عدالتِ عالیہ نے اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 11 جنوری کو طلب کر لیا۔درخواست گزاروں نے عدالت میں مقف اپنایا ہے کہ میئر کا براہِ راست انتخاب اور ڈپٹی میئرز کا عہدہ ختم کرنا خلافِ قانون ہے۔درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ لوکل گورنمنٹ چلانے کے لیے غیر منتخب افراد کی کونسل بھی خلافِ قانون ہے۔درخواست گزاروں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ 2015 کے قانون کی موجودگی میں آرڈیننس کے ذریعے نیا نظام آئین سے متصادم ہے۔