بلوچستان،شیرانی میں ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ، 4 اہلکار شہید،جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور ہلاک

شیرانی (صباح نیوز)بلوچستان کے ضلع شیرانی میں ایف سی چیک پوسٹ پردہشت گردوں کے حملے کے نتیجہ میں چار سیکیورٹی اہلکار شہید اورچار زخمی ہو گئے جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں میں ایک ایف سی اہلکار اورتین پولیس اہلکار شامل ہیں۔شہید ہونے والوں میں سب انسپکٹر بہادر خان، سپاہی باز خان اور محمد افضل شامل ہیں۔زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کی فراہمی کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دہشت گردوں کی جانب سے ضلع شیرانی کے علاقہ دھانہ سر میں ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا۔ دہشت گردوں کی جانب سے ایف سی چیک پوسٹ پرراکٹ بھی داغا گیا اور فائرنگ بھی کی گئی۔ حملے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری بھی علاقہ میں طلب کی گئی۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقہ کو گھیرے میں لے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے و اقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور متعلقہ حکام سے واقعہ کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔