اسلام آباد(صباح نیوز) سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ راتوں رات ایک آرڈیننس کے ذریعے اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کو میئر کے حوالے کرنا بہت بڑی زیادتی ہے۔ اس وقت اسلام آباد میں دور دور تک بلدیاتی اداروں کا نام و نشان بھی نہیں۔ جب ادارے وفاقی حکومت میں بھی نہیں رہے اور بلدیاتی ادارے بھی نہیں تو انہیں خلا میں کیوں پھینک دیا گیا ہے۔
وفاقی تعلیمی اداروں کو میئر کے حوالے کرنے کے معاملے کو زیر بحث لانے کی قرارداد پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے سکولوں کالجوں کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی تحویل میں لینے کی مثال تو موجود ہے لیکن پہلی بار اسلام آباد کے چار سو اداروں کو بلدیاتی اداروں کے حوالے کر دینا ناقابل فہم ہے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ جو حکومتی ارکان اس آرڈیننس کی حمایت کر رہے ہیں انہیں بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ یہاں تک کہ وفاقی وزارت تعلیم سے بھی مشاورت نہیں کی گئی انہوں نے کہا کہ اساتذہ ایک ماہ سے سراپہ احتجاج ہیں اور کہیں انکی شنوائی نہیں ہو رہی۔