وزیر ریلوے اعظم سواتی سے افغان سفارتخانے کے چارج ڈی افیئرز کی ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد میں افغان سفارتخانے کے چارج ڈی افیئرز سردار احمد خان شکیب نے وزارت ریلوے اسلام آباد میں وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے ٹرانز افغان ریلوے منصوبے کے لیے آگے بڑھنے کے راستے پر تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر ریلویز محمد اعظم خان سواتی نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور انہیں ٹرانز افغان ریلوے پراجیکٹ کی تعمیر کے حوالے سے حکومت پاکستان کے عزم سے آگاہ کیا۔

ٹرانز افغان ریلوے پروجیکٹ میں اہم پیش رفت کی تفصیلات بتاتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے چارج ڈی افیئرز کو ازبکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ کے ساتھ اپنی ملاقات کے بارے میں بتایا جس کے دوران وزیر ٹرانسپورٹ نے ٹرانس افغان ریلوے نیٹ ورک کی تعمیر میں کافی دلچسپی ظاہر کی۔

چارج ڈی افیئرز نے علاقائی رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کو سراہا اور وفاقی وزیر ریلویز کو ٹرانز افغان ریلوے کی تعمیر میں افغانستان حکومت کی دلچسپی کے بارے میں آگاہ کیا۔ملاقات کے بعد فریقین نے منصوبے کے سنگ میل پر باقاعدہ ڈیٹا کے تبادلے کے لیے فوکل پرسنز کی نامزدگی پر اتفاق کیا۔افغان فریق نے اس منصوبے کو مزید تیز کرنے کے لیے پاکستان ریلوے تکنیکی ماہرین کے وفد کا خیرمقدم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔