پاکستان کی معیشت کو نئی جہت دے رہے ہیں ،پروفیسر احسن اقبال

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو نئی جہت دے رہے ہیں جس کی بنیاد برآمدات بڑھانا ہے،پورٹل کا مقصد شفافیت ، خود احتسابی اور عوام کی رائے کو ترقیاتی بجٹ کے عمل کا حصہ بنانا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پی ایس ڈی پی پورٹل کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈی پی پورٹل سپارکو اور وزارت منصوبہ بندی کے منصوبے انوویشن لیب کے باہمی اشتراک سے تیار کیا گیا یے ،پورٹل کا مقصد شفافیت ، خود احتسابی اور عوام کی رائے کو ترقیاتی بجٹ کے عمل کا حصہ بنانا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پورٹل عوام تک ترقیاتی منصوبوں پر آنے والی لاگت اور جاری منصوبوں سے متعلق تازہ معلومات پہنچانے میں ممد و معاون ثابت ہو گا،وسائل کا صحیح استعمال شفافیت کو یقینی بنانے سے ممکن ہے ،عوام اور ریاست کا تعلق اعتماد پر قائم ہوتا ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کی ترقی کے سفر کو صحیح سمت دینے کے بیانیہ پر عملدرآمد کر رہے ہیں ،پاکستان کی معیشت کو نئی جہت دے رہے ہیں جس کی بنیاد برآمدات بڑھانا ہے ،ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر دسترس حاصل کر کے ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ معاشی اور معاشرتی ناہمواری کو دور کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں ،بجٹ میں 132 ارب روپے بلوچستان میں ترقی کی ضروریات کو ملحوظ خاطر رکھ کر مختص کئے گئے ،پالیسیز کو تسلسل سے جاری رکھنے کے لئے چیمئینز آف ریفارم نیٹ ورک بنایا تاکہ ترقی کا دھارا اور ذمہ داری عوام تک منتقل کی جا سکے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک منی معاشی ہارٹ اٹیک کا شکار ہوا ملا ہے ،طور، طریقے اور اطوار بدل کر ہم معاشی بحالی حاصل کر سکتے ہیں ،اگر عادات نہ بدلیں تو جان لیوا معاشی ہارٹ اٹیک ہو سکتا ہے ،ہر بحران میں زندہ قوم کے لئے امکان چھپا ہوتا ہے۔۔