اسپیکر سردار ایاز صادق سے قطر کے سفیر کی ملاقات

اسلام آباد (صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان اور قطر کے مابین پارلیمانی و اقتصادی شعبوں میں وسیع تعاون سے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہارکیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں قطر کے علی مبارک علی عیسی الخطر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو  اسپیکر قومی اسمبلی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تاریخی برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیاں عوامی اور اقتصادی  تعاون کو فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہاں ہے۔ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان پارلیمانی تعاون کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے دونوں اقوام جو دائمی، مذہبی، ثقافتی  اور تاریخی رشتوں میں بندھی ہوئی ہیں کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں پاک۔قطر دوستی گروپ کو دونوں ممالک کی پارلیمنٹ اور عوام کو قریب لانے کے لیے فعال کیا جا رہا ہے۔اسپیکر نے پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے قطر کی سرمایہ کار برادری کو اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں توانائی اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے وافر مواقع موجود ہیں جن سے قطر کے سرمایہ کار استفادہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر  کے اراکین پارلیمنٹ میں باہمی رابطوں کے فروغ سے ایک دوسرے کو سمجھنے اور ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کا موقع ملے گا۔انہون نے قطر کی شوری کونسل کے اسپیکر کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

قطرکے سفیر علی مبارک علی عیسی الخطر نے سردار ایاز صادق کو قومی اسمبلی کا دوبارہ سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے قطر سے متعلق تاثرات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور قطر کی موجودہ قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہاں ہے۔انہوں نے معاشرے کے پسماندہ طبقات کی سماجی و اقتصادی ترقی سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان کی ہرممکن حمایت کا بھی اعادہ کیا۔