ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ‘نیوزی لینڈ نے بھارت کو 8وکٹوں سے شکست دیدی


دبئی(صباح نیوز) آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021کے سپر 12مرحلے کے گروپ 2کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8وکٹوں سے شکست دیدی۔

کیویز نے بھارت کی جانب سے دیا گیا111رنزکا ہدف 15ویں اوور میں 8وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔دبئی میں کھیلے جارہے اس میچ میں نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 24رنز پر گرگئی تھی جب مارٹن کپٹل 20رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تھے۔ نیوزی لینڈ کو دوسرا نقصان ڈیرل مچل کی صورت میں 96کے اسکور پر اٹھانا پڑا جہاں وہ 49 رنز بنا کر پویلین لوٹے، تاہم اس کے بعد نیوزی لینڈ کو دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔اس سے قبل بھارت نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 111رنز کا ہدف دیا تھا۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔نیوزی لینڈ کے بولرز نے بھی نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے بھارتی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے نہ دیا اور وقفے وفقے کے ساتھ وکٹیں لیتے رہے۔ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ایشان کشن اوپنر آئے اور 4رنز بنا کر آٹ ہوئے، جبکہ کے ایل راہول صرف 18رنز بنا سکے۔

روہیت شرما کے بلے نے رنز اگلنا شروع کیے ہی تھے کہ وہ 14 رنز بنا کر ایش سوڈھی کی گیند پر کیچ آٹ ہوئے۔بھارت کو چوتھا نقصان کپتان اور صف اول کے بیٹسمین ویرات کوہلی کی صورت میں ہوا تھا جو بڑا شاٹ لگانے کی کوشش کرتے ہوئے بانڈری پر کیچ دے بیٹھے، انہوں نے صرف 9 رنز بنائے تھے۔جارح مزاج ریشبھ پنت بھی زیادہ نہ چل سکے اور 12رنز بنا کر ایڈم ملن کی گیند پر کیلن بولڈ ہوگئے، جس کے ساتھ ہی آدھی بھارتی ٹیم صرف 70کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئی تھی۔

ہاردیک پانڈیا اور رویندرا جدیجا نے بالترتیب 23 اور 26 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کی جس کے باعث بھارتی ٹیم بمشکل 100رنز بنانے میں کامیاب ہوئی تھی۔بھارتی ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے تھے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں جبکہ ایش سوڈھی بھی دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔