جماعت اسلامی مظلوم شہریوں کی توانا آوازبن کر سلگتے مسائل کو اجاگراورحل کی کوشش کر رہی ہے،مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ حکومتی ومنتخب نمائندوںکی غفلت کی وجہ سے مہینوں وسالوں گزرنے کے باوجود سریاب روڈ،سبزل روڈ،قمبرانی روڈ،مغربی بائی پاس ،نواں کلی بائی پاس سمیت کوئٹہ شہر کی مین شاہراہیں عدم تکمیل کا شکار ہیں جس کی وجہ سے شہری وعوام مختلف مسائل کا شکار ،ٹریفک جام ،مٹی وگرداڑنے کی وجہ سے بیماریوں میں مبتلاہیں ۔جماعت اسلامی مظلوم شہریوں کی توانا آوازبن کر سلگتے مسائل کو اجاگراورحل کی کوشش کر رہی ہے ۔ دیانت دارنمائندے اوربلدیاتی ادارے،لوکل گورنمنٹ فعال نہ ہونے کی وجہ سے لاکھوں شہری مسائل ومشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ کوئٹہ کے تمام علاقے ،یوسیزکی گلیاں سڑکیں تباہ ہوگئی ہے رہی سہی کسرحالیہ بارشوں وسیلاب نے پوری کر دی ہے ۔بدعنوانی ،بدعنوان اہلکاروں ،لٹیرے ٹھیکیداری سسٹم کی وجہ سے سڑکوں،گلیوں کا پکاکرنے کے بجائے ان کا منہ کالاکرکے بدعنوانی کے ذریعے بدعنوان ٹھیکیدارمالامال ہوجاتے ہیں ۔شہر کی تمام سڑکیں وگلیاں کیچڑزدہ وکھڈے بن گئے ہیں دن رات مٹی اڑتی رہتی ہیں جس کی وجہ سے شہری ،طلباء اور عوام سانس ودیگر بیماریوںمیں مبتلا ہوگئی ہے بدعنوانی ،منتخب نمائندوں کی غفلت ،حکومتی نمائندوں کی خاموشی کی وجہ سے شہری گوناگوں مسائل کا شکار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے حکمران،منتخب نمائندے وانتظامیہ عوام سے مخلص نہیں۔شاہراہوں کی ٹھوٹ پھوٹ،پینے کے پانی کی قلت ،حکومت وانتظامیہ منتخب نمائندوں کی غفلت وکوتاہی کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت بلوچستان کا مین شہر نہیں بلکہ پسماندہ دیہات کا منظر پیش کر رہی ہے ۔جماعت اسلامی نے کچھ عرصہ پہلے کوئٹہ کے مسائل کو اجاگراور حل کیلئے عوامی احتجاج کرکے پریس کلب کے سامنے ایک روزہ دھرنادیا ، شہری ،سماجی تنظیمیں اورمیڈیا شہریوں کے مسائل ،حکومتی غفلت کوتاہی کی وجہ سے احتجاج کرکے آوازبلند کررہے ہیں مگر بدقسمتی سے کوئی سننے والا نہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت غفلت وکوتاہی چھوڑ کر دیانت داری واخلاص اورنیک نیتی سے کوئٹہ کی مین شاہراہوں کو پختہ اور جس پرکام جاری کو اس کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچادیں