اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی حکومت نے نوجوانوں کیلئے پیشہ وارانہ تربیت اور فنی مہارت کے مواقع بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔ پروگرام کے تحت چاروں صوبوں میں نوجوانوں کو عصر حاضر کے تربیتی کورس کرائے جائیں۔پروگرام پر عملدآمد کیلئے وفاقی حکومت نے قومی ٹاسک فورس ہیومن ریسورس اینڈ سکل ڈویلپمنٹ تشکیل دیدی۔16 رکنی رکنی ٹاسک فورس میں دو وفاقی وزرا، تین وفاقی سیکرٹریز شامل ہیں۔وفاقی وزیراحسن اقبال قومی ٹاسک فورس ہیومن ریسورس اینڈ سکل ڈویلپمنٹ کے چئیرمین مقرر کردئیے گئے۔
چیئرمین ٹیوٹا، چیئرمین ایچ ای سی سمیت متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں سے سربراہاں رکن ہوں گے جبکہ وفاقی وزیر اوورسیز ساجد حسین طوری قومی ٹاسک فورس کے معاون چیئرمین ہوں گے۔ وفاقی سیکرٹری منصوبہ بندی ڈویژن، وفاقی سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز، سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی رکن ہوں گے۔ چیئرمین نیوٹک، چیف پلاننگ ،پی آئی ڈی ای کے وائس چانسلر کو بھی ٹاسک فورس کا رکن بنادیا گیا جبکہ چیئرمین ووکیشنل ٹریننگ کونسل پنجاب، ایم ڈی ٹیوٹا سندھ،ایم ڈی ٹیوٹا خیبر پختونخوا بھی رکن ہوں گے، پنجاب اسکل ڈویلپمنٹ فنڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور پلاننگ کمیشن کے ممبر آئی ٹی و سائنس بھی رکن ہوں گے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر ساجد طوری نے انسانی وسائل کی ترقی کی ٹاسک فورس پر اعتراض اٹھا دیا۔
وفاقی وزیرمنصوبہ بندی کی سربراہی میں ٹاسک فورس کا حصہ بننے سے معذرت کرلی۔وفاقی وزیرمنصوبہ بندی کو لکھے گئے خط میں وزیرانسانی وسائل و سمندرپارپاکستانیز ساجد طوری کا کہنا تھا کہ وزیر انسانی وسائل کو متعلقہ ٹاسک فورس میں شریک چیئرمین لگایا گیا، ٹاسک فورس کا قیام احسن اقدام لیکن اس کا حصہ نہیں بن سکتا، میری وزارت ٹاسک فورس سے تعاون کرتی رہے گی۔ساجد طوری کا کہنا تھا کہ میری جگہ وزیر تعلیم کو شریک چیئرمین بنایا جائے، ساجد طوری نے خط میں ٹاسک فورس کی وزیراعظم سے منظوری کا سوال بھی اٹھا دیا۔ یقین ہے ٹاسک فورس کی وزیراعظم سے منظوری لی گئی ہوگی۔