ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز)ڈیرہ کے سماجی،تعلیمی اور صحافتی حلقوں نے گورنر خیبر پختونخواہ حاجی غلام علی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گومل یو نیورسٹی کے شعبہ صحافت کی بندش کے حوالے سے وائس چانسلر کے اقدامات کا فوری نوٹس لیں۔اِن حلقوں کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات وائس چانسلر کی ناکامی اور فرسودہ پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
یہ شعبہ ایک تاریخی شعبہ ہے جہاں کے فارغ التحصیل طالبا و طالبات ملک بھر میں ریڈیو، ٹیلی ویژن، اخبارات، محکمہ اطلاعات و نشریات اور خبر رساں اداروں میں خدمات سا انجام دے رہے ہیں۔ موجودہ دور میڈیا کا دور ہے۔ خود وائس چانسلر اپنی کارکردگی اور روزانہ کی مصروفیات کو حکام بالا کی نظر تک پہنچانے کیلئے میڈیا کے محتاج ہیں۔ میڈیا سٹڈیز جیسے شعبہ جات منافع کمانے کیلئے نہیں بلکہ اداروں کی نیک نامی اور مثبت امیج کو اجاگر کرتے ہیں۔ ایسے شعبہ جات کی بندش محدود سوچ کی آئینہ دار ہے۔ اِن حلقوں نے گورنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وائس چانسلر کو ایسے منفی اقدامات سے روکیں۔