کراچی(صباح نیوز) چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نو ید علی بیگ نے کہا ہے کہ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ میں ماہر افراد ی قوت کی کمی ہے ۔ ملک کو آئی ٹی کے شعبے میں سالانہ 40سے 45ہزار ماہر افراد کی ضرورت ہے ،جو میسر نہیں ۔آئی ٹی کی تعلیم مہنگی ہونے کے سبب نوجوان اس جانب نہیں جا رہے۔ الخدمت کا ”بنو قابل آئی ٹی پروگرام ”ملک کے نوجوانوںمیں بڑی تبدیلی لائے گا ۔یہ بات انہوں نے ہفتے کی شام الخدمت بنو قابل پروگرام کے تحت نئے بیچزکیلئے1500بچوں کی کلاسز کے آغاز کے موقع پراورینٹیشن کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی جو طلبہ وطالبات کیلئے علیحدہ علیحدہ منعقد کی گئی تھی ۔تقریب میں مردو خواتین اساتذہ اور طلبہ وطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ پروگرام میں الخدمت بنو قابل کے تحت کروائے جانے والے کورسز کا تعارف کروایا گیا ،اساتذہ سے ملاقات کروائی گئی ۔اساتذہ نے گرافکس ڈیزائننگ ،ایپ ڈپولپمنٹ ، ویب ڈیولپمنٹ ،ایمازون ورچول ،ڈیجیٹل مارکیٹنگ ،فری لانسنگ کورسزکا مکمل تعارف پیش کیا اورپاکستان میں کورسز کی ضرورت اور رجحانات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
نویدعلی بیگ نے کہا کہ ملک میں سرکاری آئی ٹی یونیورسٹی میں سوالاکھ روپے کی فیس لی جا رہی ہے ،یہ کسی بھی یونیورسٹی کی سب سے کم فیس ہے ۔کیا ایک متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والا نوجوان سوا لاکھ کی فیس اد ا کر کے آئی ٹی کی تعلیم حاصل کر سکتا ہے؟۔ اس وقت سافٹ ویئر اداروں پر مشتمل اتحاد ”پاکستان سافٹ ویئر ہاسز ایسوسی ایشن (پاشا) میں 1200کمپنیاں شامل ہیں جبکہ پاکستان میں سافٹ ویئر کی 2ہزار کمپنیاں موجود ہیں ۔پاشاکے مطابق پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے کو درکار ماہرافرادی قوت دستیاب نہیں ۔اسکلڈ افرادی قوت نہ ہونے کی وجہ سے کمپنیوں اور پاکستان کو اس کانقصان ہو رہا ہے ۔ نوید علی بیگ نے کہا کہ ہم بڑے وژن کے ساتھ نوجوانوں کو 6 آئی ٹی کورسز کروارہے ہیں ،
الخدمت بنو قابل پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔اساتذہ اس کیلئے بھرپورمحنت کر رہے ہیں ۔اس میں کوئی مبالغہ نہیںکہ سنجیدگی سے یہ کورس کرنے والے نوجوانوں کیلئے روزگار کے دروازے کھل جائیں گے۔ انہوں نے طلبہ وطالبات کو ہدایت کی کہ محنت اور دلچسپی سے یہ کورس مکمل کریں،کلاسز باقاعدگی سے اٹینڈ کریں ۔ان شااللہ کورسز کرنے کے بعد آپ کیلئے مزید دروازے کھلیں گے۔ اساتذہ نے کہا کہ تمام کورسز اہمیت کے حامل ہیں اور یہ وہ کورسز ہیں جن کی مارکیٹ کو اشد ضرورت ہے ،طلبہ وطالبات اپنا وقت ضائع نہ کریں ،بہتر مستقبل کیلئے وہ تن دہی سے کورسز سکھیں اوراپنا مستقبل روشن بنائیں ۔