مقبوضہ کشمیر ،پونچھ میں بھارتی فورسز کی پرتشدد کارروائی،فائرنگ سے ایک شخص زخمی،3نوجوان گرفتار


جموں:مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ کے گاؤں کرماہ کو بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کی جس سے ایک شخص زخمی ہوگیا جبکہ3نوجوانوں کو گرفتارکرلیا ۔

کنٹرول لائن کے قریب کرمارہ گاؤں میں بھارتی فوج اور پیراملٹری بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے آپریشن کے دوران محمد فاروق نامی شخص کو گولی مار کر زخمی کر دیا ۔حکام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران تین افرادکوجن میں سے ایک زخمی ہے، گرفتار کیا گیاہے۔

بھارتی حکام نے دعوی کیا کہ کچھ لوگوں کی مشکوک نقل و حرکت کے بعد فوجی اہلکاروں نے چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔حکام نے کہا کہ پورے علاقے کومحاصرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا۔دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے اسلام آباد، پلوامہ اورراجوری سمیت مقبوضہ جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔

ادھر مقبوضہ جموں و کشمیر ضلع بڈگام میں بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے اہلکاروں نے بھارتی پولیس اور سی آر پی ایف کی مدد سے تین کشمیریوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔سرکاری ذرائع کے مطابق ضلع بڈگام کے گاؤں آری پتھن میں این آئی اے کے اہلکاروں نے بھارتی پولیس اور سی آر پی ایف کی مدد سے فاروق احمدبٹ اور زبیر احمد ڈار کے گھروں پر چھاپے مار کر کی تلاشی لی ۔

دوسری ٹیم نے بھی ضلع کے اسی گاؤں میں علی محمد ڈارکے گھر پر چھاپہ مارا۔ایک سرکاری عہدیدار نے تصدیق کی کہ این آئی اے کے دفتر میں پہلے سے درج ایک کیس کے سلسلے میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیس کی تفصیلات بعد میں شیئر کی جائیں گی۔