ایچ ای سی فیکلٹی ڈیویلپمنٹ پروگرا م کے تحت اساتذہ کے لیے تربیتی پروگرام مکمل

اسلام آباد (صباح نیوز)ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے  نیشنل فیکلٹی ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت تین روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ پروگرام کی اختتامی تقریب میں چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔ چیئرمین ایچ ای سی  نے ملکی ترقی میں اساتذہ کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ طلبا کی ضروریات کے مطابق اساتذہ نئے تدریسی طریقے اپنائیں، چیلنجز کا مقابلہ کریں اور اپنے لیے بڑے اہداف کا تعین کر کے کامیابی کے لیے کوشش کریں۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ نہ صرف نصاب پڑھاتے ہیں بلکہ طلبا کی کردارو شخصیت سازی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔  مینجنگ ڈائریکٹر نیشنل اکیڈیمی آف ہائیر ایجوکیشن نور آمنہ نے شرکا کوتربیتی پروگرام مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور سیکھے ہوئے علم کے عملی اطلاق پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اعلی تعلیمی اداروں کے استعداد کار میں اضافے کے لیے دیگر کئی پروگرام بھی زیرغور ہیں۔ نیشنل فیکلٹی ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت تربیتی پروگرام کی تکمیل آئی پی ایف پی فیلوز کے لیے لازمی ہے۔