پنجاب اور اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر کرانے کا ہدف ہے،شبلی فراز


اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی خریداری میں تاخیری حربوں کا جواب دے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ الیکشن کمیشن ای وی ایم مانگتا ہے لیکن ان کی خصوصیات نہیں بتاتا، کمیشن جلد از جلد ای وی ایم کے حوالے سے انٹرنیشنل ٹینڈر جاری کرے اور بتائے کون سی مشینیں چاہئیں، جن میں کیا ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ جو مشین ہم نے بنائی وہ چاہیے تو ہم تیار ہیں، الیکشن کمیشن ای وی ایم کے حوالے سے کمپنیوں کو یکساں مواقع فراہم کرے، جو کمپنی معیار پر پورا اترے اسے ای وی ایم بنانے کا ٹاسک دیا جائے، حکومت کا پنجاب اور اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر کرانے کا ہدف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن ای وی ایم کے حوالے سے ایک ہفتہ میں ٹینڈر جاری کرے، کمیشن کی کوتاہی سے وقت گزرا تو بڑی مشکلات ہونگی اور تاخیری حربوں کا جواب الیکشن کمیشن دے گا، الیکشن کمیشن اپنے عملی اقدامات سے ثابت کرے کہ وہ تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے یا نہیں ، اس معاملے میں قانون بنے بھی ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر گیا، امید ہے الیکشن کمیشن کی ٹیکنیکل ٹیم ایک ہفتے میں مشینوں کی خصوصیات طے کر لے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان حلال اتھارٹی ایک اپاہج ادارہ تھا، ہماری کوشش ہے پاکستان حلال اتھارٹی عملی طور پر آگے جائے ، حلال فوڈ اتھارٹی کا قیام اور کردار اتنا بڑا ہے کہ ہمیں کمٹمنٹ کے ساتھ چلنا ہے، عالمی مارکیٹ میں اپنا لیڈرشپ کا کردار ادا کرنا ہے، مہم ہونی چاہیے جس میں معلوم ہو کھانے پینے کی چیزیں کیسے حلال بنتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا مذہب انسانیت اور مسلمانوں کیلئے گائیڈ لائن ہے،میرا سائنس سے نہیں بلکہ فنانس سے تعلق ہے، میں ٹیکسٹائل کے خلاف نہیں لیکن ہمارا ملک صرف ٹیکسٹائل پر زندہ نہیں رہ سکتا۔

اس موقع پر انہوں نے فیض صاحب نے ایک شعر بھی پڑھتے ہوئے کہاکہ وصال یار فقط آرزو کی بات نہیں۔