پاکستان کو پولیو جیسے موذی مرض سے پاک کرنے کیلئے حکومت پر عزم ہے،وزیراعظم

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو پولیو جیسے موذی مرض سے پاک کرنے کیلئے حکومت پر عزم ہے، پاکستان کے مستقبل کو پولیو سے پاک کرنے تک ذاتی نگرانی سے اپنی کوششیں جاری رکھوں گا ۔

اس امر کا اظہار وزیراعظم نے  روٹری فاؤنڈیشن کی انٹرنیشنل پولیو پلس کمیٹی کے سربراہ مائیک میک-گورن کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں کیا ۔ملاقات میں روٹری کے عہدیداران عزیز میمن، فیض کِڈوائی، عدنان روہیلہ اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام بھی موجودتھے۔

وزیرِ اعظم کو ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ روٹری انٹرنیشنل اور انسدادِ پولیو کیلئے مہم کیلئے دیگر شراکت داروں بے رواں سال 1 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مختص کئے ہیں۔ حکام نے وزیرِ اعظم کو ملک میں پولیو مہمات کی موجودہ صورتحال کے بارے آگاہ کیا اور بتایا کہ جنوبی خیبر پختونخوا میں انسدادِ پولیو کیلئے خصوصی مہم کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے روٹری انٹرنیشنل اور بِل اور میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کی خدمات کو قابل تحسین قراردیتے کہا کہ حکومت انسداد پولیو ورکرز کی سکیورٹی یقینی بنا رہی ہے۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم نے 2022 کے سیلاب کے متاثرین کیلئے روٹری انٹر نیشنل کی جانب سے رہائشی منصوبوں کے قیام کی پذیرائی کی۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو پولیو کی آئندہ مہم کیلئے جامع حکمتِ عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ ترجمان وزیراعظم کے مطابق وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام خصوصا ًقانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کو ہر صورت فول پروف بنایا جائے۔وزیرِ اعظم نے وزراتِ قومی صحت کے حکام کو بھی آئندہ انسداد پولیو مہم کیلئے مکمل تیاری کی ہدایت کردی ہے