ملکی معیشت وینٹی لیٹر پر ہے،شیری رحمان


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر ،سینیٹرشیری رحمان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت وینٹی لیٹر پر ہے،نومبر میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ 1.91 بلین ڈالر بڑھا ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں انہوں نے کہا کہ معیشت وینٹی لیٹر پر ہے لیکن پی ٹی آئی حکومت سوئی ہوئی ہے۔ درآمدات میں اضافہ ہوا ۔ جولائی سے نومبر تک ملکی درآمدات 29.9 بلین ڈالر رہیں۔ نومبر میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ 1.91 بلین ڈالر بڑھا ہے۔ رواں مالی سال میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ 7 ارب 8 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشی اشاریے میں بہتری نہیں۔ 3 سال میں ملک اور معیشت کا جتنا برا حال ہوا، 74 سال میں نہیں ہوا۔ حکومت کی بدانتظامی کی وجہ سے پاکستان کو گندم، چینی اور دیگر چیزیں بھی درآمد کرنی پڑ رہی۔ تبدیلی اور نیا پاکستان کے نام پر ملک و معیشت کا دیوالیہ قبول نہیں ہے۔