اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہی ہے ، برآمدات میں اضافہ ملکی معاشی مسائل کا واحد حل ہے جس کے لئے حکومت بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیجیٹل ایکسپورٹس کو بڑھانے کے لئے ایک اہم جلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر سے وابستہ سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہی ہے کیونکہ ہر شعبہ ہائے زندگی کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے منسلک کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔انہوں نے ڈیجیٹل ایکسپورٹس کے حوالے سے سفارشات پر عملدرآمد اور پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے سٹیئرنگ کمیٹی بنانے کی ہدایت کی ، کمیٹی آئی ٹی اور پرائیویٹ ماہرین پر مشتمل ہو گی جو ہر ماہ سفارشات پرعملدرآمد کا جائزہ لیگی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ ملکی معاشی مسائل کا واحد حل ہے جس کے لئے حکومت بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے جبکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں ماہر نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ڈیجیٹل ایکسپورٹ میں اضافے کے لئے نوجوانوں کو تیار کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ وژن 2025 کا روڈمیپ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا تھا ، 2018 کے بعد ترقی کا سفر نام نہاد تبدیلی سے روک دیا گیا، سیاسی استحکام کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے گزشتہ دور حکومت کے چار سالوں میں ریکارڈ 3200ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے۔