اسلام آباد ہائیکورٹ کا راناشمیم کے اصل بیان حلفی کو آئندہ سماعت تک سربمہر رکھنے کا فیصلہ


اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے رانا شمیم کے اصل بیان حلفی کو آئندہ سماعت تک سربمہر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عدالت نے آبزرویشن دی ہے کہ یہ توہین عدالت کا کیس نہیں ہے ،یہ اوپن انکوائری ہے ،رانا شمیم نے یہ بات کہہ دی کہ پوری عدالت کمپرومائزڈ ہے ،یہ اس عدالت اور اس کے ججوں کا احتساب ہے ،عدالت کے وقار کو نقصان پہنچا ہے ،اخبار میں خبرکی اشاعت ثانوی معاملہ ہے ،کیا رانا شمیم نے برطانوی کے نوٹری پبلک کیخلاف کوئی کارروائی کی کہ انہوں نے بیان حلفی کیوں لیک کیا ،عوام میں جو تاثر گیا ہے اس کو ختم ہونا چاہئے ،اگر اس معاملے میں کچھ سچائی ہے تو وہ ہر صورت سامنے آنی چاہئے ،عدالت قانون کے دائر ے میں رہتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 19کی روشنی میں کارروائی کو آگے بڑھائے گی ۔

عدالت نے رانا محمد شمیم کے اصل بیان حلفی کو آئندہ سماعت تک سربمہر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل آف پاکستان بیرسٹر خالد جاوید خان کی موجودگی میں رانا محمد شمیم کا بیان حلفی کھولا جائے گا۔ دوران سماعت رانا محمد شمیم کے وکیل لالہ عبدالطیف آفریدی کا کہنا تھا کہ ان کے مئوکل نے ا اصل بیان حلفی سربمہر لفافے میں عدالت بھیجا ہے ۔ اس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے عبدالطیف آفریدی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ چاہیں گے تو سربمہر لفافہ کھول دیتے ہیں، آپ چاہتے ہیںکہ اٹارنی جنرل کی موجودگی میں لفافہ کھولا جائے توآپ کی مرضی۔ عدالت  نے کہا کہ رانا شمیم اخبار میں چھپے بیان حلفی کے متن کو تسلیم کرتے ہیں۔

عبدالطیف آفریدی کا کہنا تھا کہ یہ بیان حلفی عدالت کے لئے آیا ہے اور عدالت ہی اسے کھولے، یہ بیان حلفی نہ رانا شمیم نے کسی کو دیا اور نہ شائع کرایا، بیان حلفی رانا شمیم کے نواسے کے پاس تھا۔عدالت کا کہنا تھا کہ آپ اپنا بیان حلفی خود ہی کھولیں۔عدالت کا کہنا تھا کہ رانا شمیم نے تاثر دیا ہے کہ سب ججز پر دبائو ہے۔اس پر عبدالطیف آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم نے ایسی بات نہیں کی اس کی تردید کرتے ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا کوئی اس عدالت پر انگلی اٹھا سکتا ہے؟عبدالطیف آفریدی نے کہاکہ رانا شمیم نے کب عدالت پر انگلی اٹھائی۔یہ بیان حلفی چیف جسٹس اور چیف جج کے درمیان ہے ،چیف جسٹس نے کہا کہ آئین کی آرٹیکل 10میں ہرچیز واضح ہے ،یہ تو نہیں ہو سکتا کہ ایک بیانیہ کیلئے اخبار استعمال ہو جائے ، اس عدالت میں مقدمات زیر التوا ہیں ،خبرسے یہ تاثر دیا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج کمپرومائزڈ ہیں،اس کی حساسیت کو سمجھ لیں ، یہ نارمل معاملہ نہیں ہے یا تو آپ یہ کہہ دیں کہ آپ کو ہر چیز شائع کرنے کی آزادی ہے ،کوئی چیز مخفی نہیں ہے ۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہم انتہائی حساس معاملات دیکھتے ہیں ،اگراسی طرح چیز یں ہوتی رہیں تو ہر چیز ختم ہو جائیگی ،فریقین کی معانت سے معاملے کو نمٹائیں گے ،اس عدالت میں کیس چل رہے ہیں ،ان مقدمات کے دونوں فریقوں کے حقوق کا معاملہ بھی ہے ،یہ عدالت ہر صورت اظہار رائے کی آزادی کا تحفظ کرے گی ،آئین کے آرٹیکل 19اور 19اے کی روشنی میں یہ معاملہ نمٹائے گی ، قانون سے ادھر ادھر نہیں جائیں گے ۔

عدالت کا کہنا تھا کہ عدالت صحافی سے سورس نہیںپوچھ رہی، رانا شمیم نے تاثر دیا کہ نوٹری پبلک سے لیک ہوا ہو گا۔عدالت نے سوال کیا کہ رانا شمیم نے بیان حلفی لیک کرنے پرقانونی کاروائی کا آغاز کیا ہو گا۔ بیان حلفی دیں کہ بیان حلفی میں لکھی  گئی باتیں غلط ہیں، تاہم رانا شمیم تو بیان حلفی کے متن کو تسلیم کررہے ہیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ جب اٹارنی جنرل آئیں گے توان کی موجودگی میں بیان حلفی کھولیں گے جبکہ دوران سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر ثاقب بشیر کا کہنا تھا کہ ہم گزشتہ سماعت کے حوالہ رجسٹرارآفس کی جانب سے جاری پریس ریلیز سے مشکوک بن گئے ہیں۔ اس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ عدالت پھر کہتی ہے کہ رپورٹرز انتہائی پروفیشنل ہیں ، صرف ایک چینل پر غلط رپورٹ ہوا تھا، پریس ریلیز میں کسی کا نام نہیں لکھتے اس لئے نہیں لکھا گیا۔ عدالت نے توہین عدالت کے نوٹس کی سماعت28دسمبر تک ملتوی کردی۔