اسلام آباد:بحریہ ٹاؤن میں پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک ،3اہلکار زخمی


اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد میں پولیس مقابلے کے دوران بلال گینگ کے 2 ڈاکو ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن اسلام آباد کے فیز ایٹ میں پولیس ٹیم پر ڈاکوؤں کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس میں ایک اہلکار زخمی ہوا، تعاقب پر ڈاکو تھانہ روات کی حدود میں ہائوسنگ سوسائٹی کے ایک گھر میں گھس گئے۔ترجمان کے مطابق پولیس اہلکاروں نے گھر کو گھیرے میں لیا تو ڈاکوؤں نے دوبارہ پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی،جوابی فائرنگ میں 2 ڈاکو ہلاک ہوئے۔

پولیس ترجمان نے کہا کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اسلام آباد پولیس کے مزید 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے اس حوالے سے کہا کہ فیز ایٹ سے نجی ہائوسنگ سوسائٹی تک ملزمان سے 3 بار فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور آپریشن کی خود نگرانی کرتا رہا۔احسن یونس نے کہا کہ پولیس مقابلے میں مارے گئے ڈاکوؤں میں بلال گینگ کے واجد اور ارشد شامل ہیں جبکہ فرار ہونے والے 3 ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے۔

آئی جی اسلام آباد نے پولیس کی چھاپہ مار ٹیم کے لیے ایک ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔ آئی جی اسلام آباد نے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور انہیں بہترین علاج کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پولیس جوانوں نے بہادری کے ساتھ ڈاکوؤں کا مقابلہ کیا جو قابل تحسین ہے۔