راولپنڈی(صباح نیوز)بلوچستان کے علاقے آواران میں سیکیورٹی فورسز کیساتھ جھڑپ میں 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے علاقے آواران کے جنوبی حصہ میں سرگرم دہشت گرد گروہ کو روکنے کے لیے انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
دہشت گردوں کا تعلق تربت آواران روڈ اور گردونواح میں فائرنگ اور دیسی ساختہ بم کی وارداتوں سے تھا۔مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر گزشتہ تین دنوں سے دہشت گردوں کے متعدد بارزیراستعمال مختلف راستوں پر گھات لگائی گئی ۔ نتیجے کے طور پر 3 دہشت گردوں کی پارٹی کو ان کے ٹھکانے کی طرف بڑھتے ہوئے روک لیا گیا۔
جس پر انہوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران تینوں دہشت گرد مارے گئے، جب کہ اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا۔۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے