تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں الگ الیکشن نہ ہو، گورنر خیبرپختونخوا


پشاور(صباح نیوز)گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں کہ الگ الیکشن نہ ہو، زمان پارک میں جو ہو رہا ملک کی بدنامی کا سبب بن رہا ہے۔

گورنر کے پی حاجی غلام علی نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن خود کہتا ہے ان حالات میں انتخابات ممکن نہیں، تحریک انصاف کے ایم این ایز مجھے کہتے ہیں ایک ساتھ الیکشن کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ زمان پارک میں جو ہو رہا ہے ملک کی بدنامی کا سبب بن رہا ہے، ہمیں بھی گرفتار کرنے کے لئے بندے آئے، ہم نے ان کو چائے پلائی اور گرفتاری دی، سیاسی لوگوں کے لیے جیل جانا بڑی بات نہیں۔

غلام علی نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی انتخابات کے حوالے سے صوبائی حکومت کی سکیورٹی خدشات پر الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا، سیاسی معاملوں کو عدالت میں لے جانے کی ضرورت نہیں، تمام سیاسی جماعتیں متفق ہے کہ الگ الیکشن نہ ہو، ایک ساتھ الیکشن نہ ہوئے تو ہر پانچ سال بعد یہ ہی ہو گا۔

گورنر کے پی نے کہا کہ عمران خان نے ضمنی الیکشن 8 میں سے 7 نشستیں جیتیں ایک کے ہارنے پر دھاندلی کا الزام لگایا۔

انہوں نے کہا کہ آڈیوز اور ویڈیوز سے متعلق سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو خود پوچھنا چاہیے، دو دن پہلے زمان پارک سے پی ٹی آئی کے ایم ایز نے رابطہ کیا کہ الگ الیکشن نہ کریں، میں نے انہیں کہا کہ آپ مجھے نہ کہیں یہ بات عمران خان کو کہیں۔غلام علی نے کہا کہ بیوروکریسی کی تبادلوں میں میرا کوئی عمل دخل نہیں۔ پوچھنا چاہیے کہ سابق دور میں بیوروکریسی کا ایک مخصوص حلقہ کیوں چھایا رہا۔

گورنر کے پی نے کہا کہ کیا ماضی میں او ایس ڈی رہنے والوں کو تعیناتیوں کا حق نہیں جو زمان پارک میں ہوا تاریخ یہ اچھے الفاظ میں یاد نہیں رکھے گی۔