حکومت مقامی کھیلوں کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے : زاہد اکرم درانی


بنوں(صباح نیوز) قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے اتوار کے روز کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اور حکومت اس علاقے کے مقامی کھیلوں کے فروغ کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔

یہ بات انہوں نے کبڈی میچ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو انہوں نے یہاں بڈا میر عباس بنوں میں بطور مہمان خصوصی دیکھا۔ فائنل میچ کو وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی ساجد حسین طوری اور خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس کے علاوہ علاقے کے معززین اور تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی دیکھا۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ حکومت نوجوانوں میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے جامع اور خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں میں مشغول رکھنا چاہیے تاکہ وہ کسی بھی منفی سرگرمی سے بچ سکیں۔سرائے نورنگ کبڈی ٹیم نے ٹورنامنٹ کا فائنل میچ بنوں کی ٹیم کو شکست دے کر جیت لیا۔آخر میں زاہد اکرم درانی نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور ونر اور رنر اپ ٹیم کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور نقد انعامات تقسیم کئے۔قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر اور وفاقی وزیر دونوں نے اس طرح کے ایونٹ کے انعقاد پر ٹورنامنٹ کمیٹی کے لیے ایک ایک لاکھ روپے کے نقد انعام کا اعلان کیا۔