حصول انصاف تک اے پی ایس شہدا ء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں،شیری رحمان


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹ قائنمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی چیئرپرسن شیری رحمان نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول(اے پی ایس)کے شہدا کو سلام پیش کرتی ہوں۔ لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی ہے، ہم حصول انصاف تک ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ افسوس ہے کہ اے پی ایس سانحے سے متعلق سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرانے کے لئے حکومت نے 3 ہفتوں کی مہلت مانگی ہے۔ شہدا کے سوگوار خاندان 7ویں برسی پر بھی انصاف کے منتظر ہیں۔

ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے  ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ سانحہ اے پی ایس کے بعد پارلیمان نے نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا تھا۔نیپ کو غیر فعال بنانے پر ہمیں اعتراض اور تشویش ہے۔ دہشتگردی، انتہاپسندی متعلق اس حکومت کا غیر واضح بیانیہ نقصان دہ ہے۔ملک سے دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کی شدید ضرورت ہے۔

شیری رحمان نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ سانحہ اے پی ایس میں شہید ہونے والے تمام افراد کی تصاویر بھی ٹوئٹر پر شیئر کی ہیں۔