ملائیشیا کے ممبر پارلیمنٹ حسن الدین بن محمد یونس کی ڈی جی سول ڈیفنس محمد حنیف خٹک سے ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز) ملائیشیا کے ممبر پارلیمنٹ حسن الدین بن محمد یونس نے آج  ڈائریکٹوریٹ جنرل سول ڈیفنس، اسلام آباد میں محمد حنیف خٹک ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران حسن الدین بن محمد یونس اور جناب محمد حنیف خٹک نے دونوں ممالک میں سول ڈیفنس کی ورکنگ ڈائنامکس پر تبادلہ خیال کیا۔

ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس نے ملائیشین پارلیمنٹیرین کو پاکستان میں سول ڈیفنس کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا جس میں ملک بھر میں قائم اس کے تربیتی اداروں کے ذریعے معاشرے کے مختلف طبقات کو سول ڈیفنس کی تربیت دی جا رہی ہے۔

حسن الدین بن محمد یونس نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تربیتی پروگراموں کو فروغ دینے اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے پر زور دیا ۔

اجلاس کے دوسرے سیشن میں ایڈیشنل سیکرٹری ایوب چودہری اور جوائنٹ سیکریٹری وزرات داخلہ فیصل نثار چوہدری نے بھی شرکت کی اور سول ڈیفنس کی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔آخر انہیں ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس آف پاکستان محمد حنیف خٹک کی طرف سے شیلڈ بھی دی گئی۔